تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ تعلیم کے 55 سالہ دور کا خاتمہ
تلنگانہ حکومت نے آئندہ تعلیمی سال سے انٹرمیڈیٹ کو محکمہ اسکول ایجوکیشن میں ضم کرکے دسویں سے بارہویں جماعت تک نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا، جے اے سی اور سی پی آئی کی مخالفت۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ تعلیم کے 55 سالہ نظام کو ختم کرتے ہوئے اسے محکمہ اسکول ایجوکیشن میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست کی کانگریس حکومت نے نئے تعلیمی سال سے 10+2 نظام متعارف کرانے کی منظوری دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کا موجودہ ڈھانچہ ختم ہوجائے گا۔
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے چہارشنبہ کے روز محکمہ تعلیم کے جائزہ اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آئندہ تعلیمی سال سے نئے نظام پر عمل درآمد کیا جائے۔ اس کے تحت اسکولی تعلیم کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ نرسری سے چوتھی جماعت تک پرائمری، پانچویں سے آٹھویں جماعت تک سیکنڈری اور نویں سے بارہویں جماعت تک سینئر سیکنڈری تعلیم ہوگی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کی تجویز پر انٹرمیڈیٹ تعلیم کا نظام تعلیمی سال 1969-70میں متعارف کیا گیا تھا۔ اس وقت متحدہ آندھرا پردیش میں کوٹھاری کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر 10+2+3تعلیمی نظام نافذ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں 1971 میں آندھرا پردیش بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن قائم کیا گیا۔ ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ نے اپنا الگ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن تشکیل دیا تھا۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی کے مطابق دسویں جماعت مکمل کرنے کے بعد اوسطاً 40 فیصد طلبہ تعلیم ترک کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیندریہ ودیالیہ، نوودیا اسکولوں اور کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیوں میں تعلیم چھوڑنے والے طلبہ کی شرح کم ہے۔ چیف منسٹر نے یہ بھی کہا کہ ملک کی 18 ریاستوں میں پہلے ہی بارہویں جماعت پر مشتمل تعلیمی نظام رائج ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نئے نظام کے نفاذ سے محکمہ کے ملازمین کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی۔
دوسری جانب حکومت کے اس فیصلے کی انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) نے سخت مخالفت کی ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) نے بھی اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد بازی میں کوئی قدم نہ اٹھائے اور فیصلہ کرنے سے پہلے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کرے۔
انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن جے اے سی کے صدر ڈاکٹر پی مدھوسدن ریڈی نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کا موجودہ نظام اپنے قیام سے اب تک بہترین نتائج دیتا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ سے ناراضگی کی وجہ سے اس نظام کو ختم کرنے کا فیصلہ کررہی ہے۔
ڈاکٹر مدھوسدن ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلے سے دستبردار ہو اور حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے اساتذہ، طلبہ، والدین اور ملازمین سمیت تمام متعلقہ فریقوں سے بات چیت کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے انٹرمیڈیٹ نظام کو ضم کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا تو جے اے سی طلبہ، والدین، لکچررس اور ملازمین کو ساتھ لے کر احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔