گیلانی کی تحریک حریت پر5 سال کیلئے امتناع
حکومت نے فیصلہ کن اقدام میں اتوار کے دن پاکستان نوازعلٰحدگی پسند تنظیم تحریک حریت جموں وکشمیر کو 5 سال کیلئے ممنوعہ تنظیم قراردے دیا۔
نئی دہلی: حکومت نے فیصلہ کن اقدام میں اتوار کے دن پاکستان نوازعلٰحدگی پسند تنظیم تحریک حریت جموں وکشمیر کو 5 سال کیلئے ممنوعہ تنظیم قراردے دیا۔
اس پر مرکزی زیرانتظام علاقہ میں دہشت گردی کو ہوا دینے اور مخالف ہندپروپگنڈہ کا الزام ہے۔ فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ یہ گروپ مخالف ہند پروپگنڈہ کرتا پایاگیا۔
اس نے جموں وکشمیر میں علٰحدگی پسندی کو بھڑکانے دہشت گرد سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی تھیں۔ امیت شاہپ نے ایکس پر لکھا کہ تحریک حریت جموں وکشمیر کو یواے پی اے کے تحت غیرقانونی تنظیم قراردے دیاگیا ہے۔
یہ تنظیم جموں وکشمیر کو ہندوستان سے علٰحدہ کرنے اور اسلامی نظام قائم کرنے کی ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث پائی گئی۔ پاکستان نواز گروپ کی سربراہی پہلے مرحوم علٰحدگی پسند رہنما سیدعلی شاہ گیلانی کرتے تھے۔ مسرت عالم بھٹ ان کے جانشین بنے۔
وہ بھی مخالف ہند اور مواقف پاکستان پروپگنڈہ کے لئے جانے جاتے ہیں۔ مسرت عالم بھٹ فی الحال جیل میں ہیں اوران کی پارٹی مسلم لیگ جموں وکشمیر کو 27 دسمبر کو ممنوعہ تنظیم قراردیاجاچکا ہے۔
تحریک حریت کو سال 2004ء میں سیدعلی شاہ گیلانی نے میرواعظ عمرفاروق کی اعتدال پسند حریت کانفرنس چھوڑنے کے بعد قائم کیاتھا۔ سیدعلی شاہ گیلانی نے جن کے خلاف کئی کیسس درج تھے‘ جماعت اسلامی چھوڑکر یہ گروپ قائم کیاتھا۔
این آئی اے نے سخت گیرحریت کے کئی ارکان کے خلاف کشمیر میں دہشت گردی کیلئے فنڈس اکٹھاکرنے کے معاملہ میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ سیدعلی شاہ گیلانی ستمبر2021ء میں اور ان کے داماد اکتوبر2022ء میں انتقال کرگئے۔