غوث نگر ہائی اسکول کی طالبہ سمیہ بیگم کو ’’مہاتما جوتی با پھولے پرتھیبھا ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا
تقریب کا خاص مرکزِ نگاہ غوث نگر گورنمنٹ ہائی اسکول، بنڈلہ گوڑہ کی طالبہ سمیہ بیگم تھیں، جنہیں دسویں جماعت میں شاندار تعلیمی کامیابی پر "مہاتما جوتی با پھولے پرتھیبھا ایوارڈ" سے سرفراز کیا گیا۔ یہ ایوارڈ راجیہ سبھا کے معزز رکن جناب آر کرشنیا اور ایم ایل سی اساتذہ کی موجودگی میں عطا کیا گیا۔
حیدرآباد: بہوجن کلاس ٹیچرز اسوسی ایشن (BCTA) کے زیر اہتمام اسٹینلی گرلز ہائی اسکول، عابڈس کے بشپ ہال میں دسویں جماعت میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ریاستی، ضلعی اور منڈل سطح کے تعلیمی قائدین، اساتذہ، والدین اور ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا خاص مرکزِ نگاہ غوث نگر گورنمنٹ ہائی اسکول، بنڈلہ گوڑہ کی طالبہ سمیہ بیگم تھیں، جنہیں دسویں جماعت میں شاندار تعلیمی کامیابی پر "مہاتما جوتی با پھولے پرتھیبھا ایوارڈ” سے سرفراز کیا گیا۔ یہ ایوارڈ راجیہ سبھا کے معزز رکن جناب آر کرشنیا اور ایم ایل سی اساتذہ کی موجودگی میں عطا کیا گیا۔
غوث نگر ہائی اسکول کا پہلا بیچ، نمایاں کامیابی
واضح رہے کہ غوث نگر اسکول کو حالیہ برسوں میں ہائی اسکول کے درجے پر ترقی دی گئی ہے، اور اساتذہ کا تقرر ڈی ایس سی 2024 کے ذریعے عمل میں آیا ہے۔ اسکول کے پہلے ہی بیچ نے غیرمعمولی نتائج دیتے ہوئے تعلیمی میدان میں کامیابی کی نئی مثال قائم کی ہے، جس کا سہرا صدر مدرس جناب شاہد علی حسرت اور ان کی زیر قیادت ٹیم کی اجتماعی محنت کو جاتا ہے۔
رکن راجیہ سبھا کا طلبہ کے لیے سہولیات کا اعلان
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن راجیہ سبھا آر کرشنیا نے تمام کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی اور اپنے فلاحی ٹرسٹ کے تحت مستحق طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
اساتذہ یونینز کی ستائش اور رہنمائی
بی سی ٹی اے کے صدر کرشنوڈو نے کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ایسے پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔
اسٹیٹ ٹیچرز یونین (STU) کے ریاستی صدر سدانندم گوڑ نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی ہی طلبہ کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔
ضلع حیدرآباد کے STU صدر محمد افتخار الدین نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کی کامیابیاں اساتذہ، انتظامیہ اور طلبہ کی باہمی ہم آہنگی کا نتیجہ ہیں۔ اگر یہی نظم و ضبط برقرار رکھا جائے تو ہر اسکول ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔
طلبہ کو مسلسل محنت کی تلقین
بی سی ٹی اے کے جنرل سکریٹری سبّا راؤ نے کہا کہ محنت کبھی ضائع نہیں جاتی اور مستقل مزاجی کے ساتھ محنت کرنے والے طلبہ ہمیشہ کامیابی حاصل کرتے ہیں۔
معزز مہمانوں کی بھرپور شرکت
تقریب میں "اپادھیاوانی” کے ایڈیٹر ایل ایم پرساد، ضلعی قائدین سید واجد علی، محمد علی، اکبر علی قریشی، جی شڈرک، منڈل قائد محمد تمیز الدین، ماہرین تعلیم عظیم ساجد، حسام الدین، علیم الدین، سابق ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر زینب سلطانہ اور موجودہ افسر شانتا بائی راٹھوڑ سمیت مختلف تعلیمی شخصیات شریک رہیں۔
صدر مدرس کا اظہارِ تشکر
تقریب کے اختتام پر صدر مدرس جناب شاہد علی حسرت نے تمام ایوارڈ یافتہ طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی اسکول کے روشن مستقبل کا پہلا قدم ہے۔
تقریب کی نظامت گڈوری شڈرک نے انجام دی جبکہ سنتوش کمار نے اظہار تشکر پیش کیا۔