تلنگانہ میں گیگ ورکرز ایکٹ نافذ، 5 لاکھ کا لائف انشورنس اور 10 لاکھ کا ہیلتھ انشورنس
تلنگانہ حکومت نے پلیٹ فارم پر کام کرنے والے ڈیلیوری ایگزیکٹیوز اور دیگر گیگ ورکرز کو سماجی تحفظ اور قانونی حقوق فراہم کرنے کے مقصد سے گیگ ورکرز ایکٹ نافذ کردیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ رجسٹرڈ گیگ ورکرز کو 5 لاکھ روپے کا لائف انشورنس اور راجیو آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس فراہم کیا جائے گا۔
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے پلیٹ فارم پر کام کرنے والے ڈیلیوری ایگزیکٹیوز اور دیگر گیگ ورکرز کو سماجی تحفظ اور قانونی حقوق فراہم کرنے کے مقصد سے گیگ ورکرز ایکٹ نافذ کردیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ رجسٹرڈ گیگ ورکرز کو 5 لاکھ روپے کا لائف انشورنس اور راجیو آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس فراہم کیا جائے گا۔
حکومت گیگ ورکرز کے مسائل اور شکایات کی یکسوئی کے لیے ایک خصوصی گیگ ورکرز بورڈ بھی قائم کرے گی۔ اس کے علاوہ رجسٹرڈ کارکنوں کو منفرد شناختی نمبر اور شناختی کارڈ جاری کیے جائیں گے، تاکہ انہیں سرکاری فلاحی سہولتوں سے استفادہ حاصل ہوسکے۔
ایکٹ کے تحت گیگ ورکرز کی آمدنی کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومت ایسے انتظامات کرے گی کہ کارکنوں کو ایک گھنٹہ کام کرنے پر بھی ان کی خدمات کے مطابق معاوضہ مل سکے۔ اس قانون کا مقصد گیگ ورکرز کو باقاعدہ قانونی شناخت فراہم کرنے کے ساتھ ان کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
راہول گاندھی کے تیقن کے بعد قانون سازی
اس اقدام کا پس منظر راہول گاندھی کی 2023 میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران حیدرآباد میں گیگ ورکرز سے ملاقات ہے۔ اس موقع پر کارکنوں نے قانونی شناخت، آمدنی کے تحفظ اور سماجی فلاحی سہولتوں کی عدم موجودگی سے متعلق اپنے مسائل پیش کیے تھے۔
راہول گاندھی نے انہیں تیقن دیا تھا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت قائم ہونے پر ان کے حقوق اور روزگار کے تحفظ کے لیے قانون بنایا جائے گا۔
بعد ازاں اس ایکٹ کا مسودہ تیار کرنے کے لیے گیگ ورکرز، ان کے نمائندوں، آئی آئی ٹی اور آئی آئی آئی ٹی بنگلورو سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے ماہرین اور گورننس کے ماہرین سے مشاورت کی گئی۔
تلنگانہ حکومت کے اس اقدام سے ریاست میں پلیٹ فارم پر کام کرنے والے ہزاروں کارکنوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ گیگ اکانومی کے تیزی سے پھیلاؤ کے درمیان یہ قانون ڈیلیوری ایگزیکٹیوز اور دیگر کارکنوں کو سماجی تحفظ اور بہتر کام کے حالات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔