مہاراشٹرا

آنکھ مچولی کھیلنے کے دوران لفٹ کی ٹکر سے بچی ہلاک

انہیں ڈھونڈنے کی کوشش میں، اس نے اپنا سر ہاؤزنگ سوسائٹی کی لفٹ کے دروازے میں بنی کھڑکی میں ڈال دیا اسی وقت یہ سانحہ پیش آیا۔ لفٹ نیچے آرہی تھی کہ ریشما کے سر سے ٹکرائی جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔

ممبئی: ممبئی کے مانخورد میں آنکھ مچولی کھیلنے کے دوران ایک 16 سالہ لڑکی لفٹ میں دم توڑ گئی۔ یہ واقعہ جمعہ کی شام اس وقت پیش آیا جب ریشما کھاروی، مانخورد میں اپنی دادی کے گھر گئی تھیں۔

کھیل کے دوران اس کی باری تھی کہ وہ اپنے دوستوں کو تلاش کرے جو آس پاس چھپے ہوئے تھے۔

انہیں ڈھونڈنے کی کوشش میں، اس نے اپنا سر ہاؤزنگ سوسائٹی کی لفٹ کے دروازے میں بنی کھڑکی میں ڈال دیا اسی وقت یہ سانحہ پیش آیا۔ لفٹ نیچے آرہی تھی کہ ریشما کے سر سے ٹکرائی جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔

ریشما کے ارکان خاندان نے ہاؤزنگ سوسائٹی کے معاملات چلانے والے عہدیداروں پر لاپرواہی کا الزام لگایا ہے۔ ریشما کے والد روی کھاروی نے کہا کہ اس واقعہ کی ذمہ داری سوسائٹی کے ارکان کو لینی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤزنگ سوسائٹی کو اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لئے لفٹ کی کھڑکی میں کم از کم ایک شیشہ لگانا چاہئے تھا، مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

ارکان خاندان نے پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے بھی ایک ایف آئی آر درج کرلی۔ مانخورد پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر مہادیو کامبلے نے بتایا کہ ہاؤزنگ سوسائٹی کے چیئرمین اور سکریٹری کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ریشما کا خاندان قریبی ساٹھے نگر میں رہتا ہے۔ اس کی دادی مانخورد میں واقع ایک ہاؤزنگ سوسائٹی کی پانچویں منزل پر رہتی ہیں۔ وہ دیوالی کے لئے دادی کے پاس آئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں میں ملک اور دنیا کے کئی شہروں سے لفٹ سے منسلک حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔

جنوب مشرقی دہلی کے جیت پور علاقے میں 26 اکتوبر کو ایک عمارت کی لفٹ گرنے سے ایک 44 سالہ شخص کی موت ہو گئی اور اس کا بیٹا زخمی ہو گیا تھا۔