گودھرا ٹرین آتشزنی کیس کی اگلے ماہ سماعت
سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز کہا کہ 2002 کے مابعد گودھرا ٹرین آتشزنی کیس میں حکومت ِ گجرات اور دیگر کئی مجرموں کی اپیلوں کی سماعت 13 فروری کو کرے گا۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز کہا کہ 2002 کے مابعد گودھرا ٹرین آتشزنی کیس میں حکومت ِ گجرات اور دیگر کئی مجرموں کی اپیلوں کی سماعت 13 فروری کو کرے گا۔
جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس اروند کمار پر مشتمل بنچ نے یہ واضح کردیا کہ آئندہ تاریخ سماعت کو اس معاملہ کو مزید ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ 27 فروری 2002 کو گجرات کے گودھرا میں سابرمتی ایکسپریس کی S6کوچ میں آتشزنی کے نتیجہ میں 59 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے نتیجہ میں ریاست میں فسادات پھوٹ پڑے تھے۔
گجرات ہائی کورٹ کے اکتوبر 2017 کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے جس میں کئی مجرموں کو قصوروار قراردیئے جانے کو برقرار رکھا گیا تھا اور 11 افراد کی سزائے موت کو عمرقید میں تبدیل کیا گیا تھا‘ سپریم کورٹ میں کئی اپیلیں داخل کی گئی ہیں۔
حکومت ِ گجرات نے فروری 2023 میں عدالت عظمیٰ کو بتایا تھا کہ وہ 11 مجرموں کے لئے سزائے موت طلب کرے گی جن کی سزاؤں کو ہائی کورٹ نے عمرقید میں تبدیل کیا ہے۔ آج جب یہ معاملہ سماعت کے لئے پیش کیا گیا تو ایک وکیل‘ مجرموں کی طرف سے پیش ہوا اور بتایا کہ کوئی بھی ثبوت ریکارڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ جسٹس مہیشوری نے کہا کہ ہم یہ نہیں جانتے۔ ہم معاملہ کی سماعت کریں گے اور ہم نے پہلے بھی اس کی وضاحت کردی ہے۔ اس کیس کو کم ازکم 5 مرتبہ ملتوی کیا جاچکا ہے۔
گزشتہ ایک سال سے میں اس معاملہ کو ملتوی کرتا رہا ہوں۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بعض مجرموں نے سزاؤں میں کمی کی درخواستیں داخل کی ہیں جو زیرالتوا ہیں۔ بنچ نے معاملہ کی سماعت ملتوی کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ چیف جسٹس کے دفتر سے یہ ہدایات ملی ہیں کہ فوجداری اپیل اور سزا میں کمی کی درخواستوں کی بیک وقت سماعت کی ضرورت نہیں۔
سینئر ایڈوکیٹ سنجے ہیگڈے ایک مجرم کی طرف سے پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گجرات کی جانب سے سزائے موت کو عمرقید میں تبدیل کرنے کے خلاف داخل کی گئی اپیل کی پہلے سماعت کی جائے۔ ہیگڈے نے کہا کہ 22 سال گزرچکے ہیں۔ میرے موکلوں کو سزائے موت نہیں دی گئی ہے۔ اس بنچ کو پہلے قصور کی تصدیق کرنی ہوگی۔ تصدیق کے بعد ہی سزا سنانے کا عمل شروع ہوگا۔ جب ہم اس سے گزریں گے تو شاید کچھ وقت لگے گا۔ بعدازاں عدالت نے اس معاملہ کی سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی کیونکہ مجرموں کے وکلاء نے وقت مانگا تھا۔