شمالی بھارت

تیجسوی یادو بہار میں انڈیا بلاک کے امیدوارِ چیف منسٹری: منوج جھا

تیجسوی یادو کو بہار میں انڈیا بلاک کی طرف سے رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ملنے کے بعد راشٹریہ جنتادل کے رکن راجیہ سبھا منوج جھا نے کہا ہے کہ تیجسوی یادو بہار میں مہاگٹھ بندھن کے بلاشبہ امیدوارِ چیف منسٹری ہیں۔

پٹنہ (آئی اے این ایس) تیجسوی یادو کو بہار میں انڈیا بلاک کی طرف سے رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ملنے کے بعد راشٹریہ جنتادل کے رکن راجیہ سبھا منوج جھا نے کہا ہے کہ تیجسوی یادو بہار میں مہاگٹھ بندھن کے بلاشبہ امیدوارِ چیف منسٹری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح سورج کا مشرق سے طلوع ہونا عالمی سچائی ہے اسی طرح تیجسوی یادو کا انڈیا بلاک کا چیف منسٹری کا چہرہ ہونا بھی اتنا ہی سچ ہے۔

منوج جھاجمعہ کے دن پٹنہ میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ 2020ء کے بہار اسمبلی الیکشن میں تیجسوی یادو امیدوارچیف منسٹری تھے۔

انہوں نے آرجے ڈی کو75نشستیں دلاتے ہوئے واحد بڑی جماعت بناکرابھاراتھا۔ مہاگٹھ بندھن حکومت کے 17ماہ کی ڈپٹی چیف منسٹری کے دوران ان کے کام کی ہرطرف تعریف ہوئی۔ ان کا کام واضح دکھائی دے رہاتھا۔ انہوں نے بہار کے نوجوانوں کو نوکریاں دیں اور کئی دیگر فلاحی اسکیمیں چلائیں۔

مہاگٹھ بندھن کا امیدوارچیف منسٹری کون ہوگا اس پر الجھن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بہار کی 14کروڑ کی جنتاکو تیجسوی یادو پرپورا بھروسہ ہے۔