کینیا میں عوامی طاقت کے آگے حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور
کینیا میں عوامی طاقت کے آگے حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گئی، 37 ریاستی ادارے تحلیل کر دیے گئے۔
نیروبی: کینیا میں عوامی طاقت کے آگے حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گئی، 37 ریاستی ادارے تحلیل کر دیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی افریقی ملک کینیا میں عوامی طاقت نے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے، صدر مملکت ولیم روٹو نے جمعہ کو بڑے پیمانے پر سرکاری اخراجات میں کٹوتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
مشیروں کی تعداد آدھی کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت نے 37 ریاستی ادارے بھی تحلیل کر دیے ہیں، جب کہ 60 سال کے سرکاری ملازمین کو بھی بغیر کسی توسیع کے فوری ریٹائر ہونا پڑے گا۔
سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر ایک سال تک پابندی عائد کر دی گئی، ریاستی اہلکاروں کے غیر ضروری سفر پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کینیا میں اضافی ٹیکس اور حکومتی اخراجات کے خلاف ہنگامے پھوٹ پڑے تھے، نوجوانوں نے زبردست مظاہروں کی شان دار قیادت کی جس کی وجہ سے صدر روٹو کو ٹیکسز میں اضافے پر مشتمل فنانس بل ختم کرنا پڑا۔