حیدرآباد میں ٹریفک سے نجات کیلئے تیسرا ایلی ویٹڈ کوریڈور، حکومت کی نئی تجویز پیش
حیدرآباد میں بڑھتی ہوئی ٹریفک دباؤ کو کم کرنے کیلئے حکومت نے ایک اور بڑا اقدام تجویز کیا ہے۔ شہر کے مغربی حصّے میں تیسرا ایلی ویٹڈ کوریڈور تعمیر کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے، جس کا مقصد روزانہ کے ٹریفک جام سے شہریوں کو موثر راحت فراہم کرنا ہے۔
حیدرآباد میں بڑھتی ہوئی ٹریفک دباؤ کو کم کرنے کیلئے حکومت نے ایک اور بڑا اقدام تجویز کیا ہے۔ شہر کے مغربی حصّے میں تیسرا ایلی ویٹڈ کوریڈور تعمیر کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے، جس کا مقصد روزانہ کے ٹریفک جام سے شہریوں کو موثر راحت فراہم کرنا ہے۔
اس سے قبل پیریڈائز جنکشن سے شامیر پیٹ او آر آر تک اور پیریڈائز جنکشن سے ڈیری فارم روڈ تک دو ایلی ویٹڈ کوریڈور کی منظوری دی جا چکی ہے۔ اب نئی تجویز کے مطابق آئی سی سی سی (ICCC)، بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 سے شلپا لے آؤٹ فلائی اوور تک 9 کلومیٹر طویل ایلی ویٹڈ لنک تیار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
منصوبے کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کوریڈور کو مستقبل میں میٹرو ریل کیلئے بھی قابل استعمال بنانے کا ڈیزائن تیار کیا جا رہا ہے، تاکہ ایک ہی پیئر سسٹم پر روڈ اور میٹرو دونوں چل سکیں۔
حکام کے مطابق اس ایلی ویٹڈ کوریڈور سے فلم نگر، روڈ نمبر 45، جوبلی ہلز چیک پوسٹ، ہائی ٹیک سٹی اپروچ روڈ اور آئی ٹی کوریڈور میں ٹریفک جام میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ سفر آسان ہوگا، گاڑیوں کا غیر ضروری رکنا کم ہوگا اور آلودگی میں بھی کمی متوقع ہے۔
ایچ ایم ڈی اے کو تفصیلی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے جس میں روٹ الائنمنٹ، زمین کے حصول، ماحولیاتی اثرات اور موجودہ ٹریفک کے بہاؤ جیسے اہم نکات شامل ہوں گے۔ اگر منصوبہ موزوں قرار پایا تو اسے ڈی بی ایف او ٹی (DBFOT) ماڈل کے تحت شروع کیا جائے گا۔
ایچ ایم ڈی اے ٹیکنیکل، فائنینشل اور لیگل ماہرین پر مشتمل ٹیم مقرر کرے گا جو فیزیبلٹی رپورٹ، ڈی پی آر (DPR) اور ٹینڈر دستاویزات تیار کرے گی۔ ماہرین ٹریفک کی ضرورت، ابتدائی ڈیزائن، یوٹیلٹی کی شفٹنگ، لاگت کے تخمینے اور فیلڈ سروے کے ذریعے حتمی الائنمنٹ اور پلوں کی جگہ کا تعین بھی کریں گے۔