شمال مشرق

مدارس کو بلڈوزروں سے گرانا بند کریں : بدر الدین اجمل

آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کے صدر اور رکن لوک سبھا بدرالدین اجمل نے آج چیف منسٹر ہیمنت بسواشرما سے اپیل کی کہ وہ مدرسوں کو بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کرنا بند کردیں۔

گوہاٹی: آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کے صدر اور رکن لوک سبھا بدرالدین اجمل نے آج چیف منسٹر ہیمنت بسواشرما سے اپیل کی کہ وہ مدرسوں کو بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کرنا بند کردیں۔

ضلع بونگائی گاؤں کے انتظامیہ نے چہارشنبہ کے روز ایک خانگی زیر انتظام مدرسہ کو منہدم کردیا تاکہ مبینہ دہشت گرد تنظیموں کو ناکام بنایا جاسکے۔ اس مدرسہ کے انہدام کے بعد اجمل نے چیف منسٹر سے یہ درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی حرکتیں آسام کے اقلیتی غلبہ والے علاقوں میں بچوں کی تعلیم پر راست حملہ ہے۔ مدارس سرکاری جائیداد ہوا کرتے ہیں اور پیشگی قانونی نوٹس کے بغیر انہیں توڑا نہیں جاسکتا۔ یہ بتاتے ہوئے کہ اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے بلڈوزروں کا استعمال بند کردیا ہے۔

اجمل نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ وہ ایسے غیر اخلاقی منصوبوں کو روک دیں۔ مدارس کے انہدام کے منصوبہ کیلئے آرایس ایس پر الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کو کسی جہادی تنظیم کے ساتھ تعلق یا کسی ملک دشمن سرگرمی کی وجہ سے گرفتار کیا جاتا ہے تو حکومت ایسے شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرسکتی ہے۔

دینی مدارس کبھی نفرت یا فرقہ پرستی کی تعلیم نہیں دیتے اور انہیں منہدم کرنا غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔ مدرسہ کو منہدم کرنا بچوں اور خاص طور پر مسلمان بچوں کو تعلیم دینے سے انکار کے مترادف ہے۔