ایگریکلچر یونیورسٹی کے وائس چانسلر الداس جنیاہ کے خلاف جنسی ہراسانی معاملے کی تحقیقات کا گورنر کا حکم
ایگریکلچر یونیورسٹی کے متنازعہ وائس چانسلر الداس جنیاہ کے خلاف ایک خاتون پروفیسر کی جانب سے عائد کردہ جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کا گورنر نے حکم دیا ہے۔ یونیورسٹی میں احتجاج اور کارروائی کے مطالبات کے بعد حکومت نے چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
حیدرآباد: ایگریکلچر یونیورسٹی کے متنازعہ وائس چانسلر الداس جنیاہ کے خلاف ایک خاتون پروفیسر کی جانب سے عائد کردہ جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کا گورنر نے حکم دیا ہے۔ یونیورسٹی میں احتجاج اور کارروائی کے مطالبات کے بعد حکومت نے چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
گورنر کی ہدایت پر تشکیل دی گئی اس کمیٹی کی صدارت اسٹیٹ ویئر ہاؤسنگ کارپوریشن کی منیجنگ ڈائریکٹر کے لکشمی کریں گی۔ کمیٹی میں آئی اے ایس افسران گوپی، راہول راج اور پراجل کے علاوہ این جی او کی نمائندہ سنیتا کرشنن کو شامل کیا گیا ہے۔
کمیٹی کو 15 دن کے اندر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شکایت کنندہ خاتون پروفیسر کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب متاثرہ خاتون پروفیسر نے الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری عہدیدار ملزم کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کو شکایت پیش کیے ہوئے 15 دن گزرنے کے باوجود اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔
یونیورسٹی میں اس معاملے پر احتجاج میں شدت آنے کے بعد حکومت کو تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینی پڑی۔ گورنر کی مداخلت کے بعد اب اس معاملے کی باضابطہ تحقیقات شروع ہونے کی توقع ہے۔
ادھر تلنگانہ اسٹیٹ ویمنس کمیشن نے بھی اپنی تحقیقات کے سلسلے میں وائس چانسلر الداس جنیاہ کو آج پوچھ تاچھ کے لیے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔
اس واقعہ کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور خاتون پروفیسر کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معاملے کی منصفانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔