تلنگانہ حکومت کے پاس اراضی معاوضہ ادا کرنے کے لیے رقم نہیں، ہائی کورٹ میں انکشاف
تلنگانہ حکومت نے ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ اس وقت اس کے پاس اراضی معاوضہ کی مد میں 40 ہزار کروڑ روپے ادا کرنے کی گنجائش نہیں ہے، حالانکہ متاثرہ اراضی مالکان کے لیے اتنی رقم کے ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ اس وقت اس کے پاس اراضی معاوضہ کی مد میں 40 ہزار کروڑ روپے ادا کرنے کی گنجائش نہیں ہے، حالانکہ متاثرہ اراضی مالکان کے لیے اتنی رقم کے ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں۔
فینانس ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ نے بدھ کے روز ہائی کورٹ میں ورچوئل سماعت کے دوران یہ بات بتائی۔
واضح رہے کہ ریاست میں مختلف سرکاری منصوبوں کے لیے جن افراد کی اراضیات حاصل کی گئی تھیں، انہیں معاوضہ ادا نہ کیے جانے پر کئی متاثرین نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ اراضیات حاصل کرنے کے باوجود انہیں معاوضہ نہیں دیا گیا۔
عدالت نے سابقہ احکامات کے باوجود معاوضہ ادا نہ کیے جانے پر سخت نوٹ لیتے ہوئے فینانس ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ کو شخصی طور پر حاضر ہوکر وضاحت دینے کی ہدایت دی تھی۔
چنانچہ سلطانیہ نے بدھ کو ورچوئل طور پر سماعت میں شرکت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اراضی معاوضہ کے لیے 40 ہزار کروڑ روپے کے ٹوکن جاری کیے گئے ہیں، تاہم حکومت فی الحال یہ رقم ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیر التواء معاوضہ کی ادائیگی میں کم از کم چھ ماہ لگ سکتے ہیں اور اس تاخیر کی وجہ حکومت کی مالی مشکلات ہیں۔
دلائل کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی کہ عدالت میں زیر التواء معاوضہ کے کم از کم 51 کروڑ روپے 12 ہفتوں کے اندر ادا کیے جائیں۔
عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ ایک حلف نامہ داخل کیا جائے، جس میں واضح طور پر بتایا جائے کہ ہر متاثرہ اراضی مالک کو کتنی معاوضہ رقم ادا کی جانی ہے۔
اس معاملے نے تلنگانہ میں اراضی حصول کے بعد معاوضہ کی عدم ادائیگی اور ریاست کی مالی صورتحال کو ایک بار پھر عدالتی جانچ کے دائرے میں لا کھڑا کیا ہے۔