گلف ریلوے لائن، سعودی عرب نے اہم ہدف حاصل کرلیا
امارات نے بھی سعودی عرب کی سرحد تک ریلوے لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیا ہے جبکہ دیگر رکن ممالک ریلوے منصوبے پر عمل درآمد شروع کرنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔
ریاض: سعودی عرب نے گلف ریلوے لائن سے متعلق 200 کلو میٹر ریلوے لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیا ہے جب کہ دیگر چار ممالک میں اس پر کام جاری ہے۔
عرب ممالک کی ایک ویب سائٹ نے خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے حوالے سے خبر دی ہے جس میں جی سی سی جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کونسل کے کئی ممالک نے 15 ارب ریال لاگت کے ریلوے منصوبے کے لئے کام مکمل کرلیا ہے۔
اس سلسلہ میں سعودی عرب نے 200 کلو میٹر ریلوے لائن بچھا دی ہے جب کہ دیگر 4 ممالک میں ریلوے لائن کی تکمیل کا کام جاری ہے۔
جنرل سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ جی سی سی ممالک کو ریلوے لائن سے جوڑنے کے منصوبے پر تقریباً 15 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔ منصوبے پر کام جاری ہے، مقامی نوجوانوں کے لئے تربیتی پروگرام کے انعقاد میں ریلوے لائن کا تجربہ رکھنے والی عالمی تنظیموں کا تعاون بھی لیا جارہا ہے۔
ایک اماراتی جریدے نے بھی اس حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امارات نے سعودی عرب کی سرحد تک ریلوے لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیا ہے جبکہ دیگر رکن ممالک ریلوے منصوبے پر عمل درآمد شروع کرنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گلف ٹرین کے نام سے جی سی سی ممالک ایک ریلوے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔
اس منصوبے کے مطابق گلف ریلوے لائن 2117 کلو میٹر طویل ہے، جو کویت سے شروع ہوگی اور سعودی شہر دمام سے ہوتے ہوئے بحرین اور دمام سے سلوی چیک پوسٹ کے راستے قطر تک جائے گی جبکہ سعودی عرب سے یہ ریلوے لائن امارات کے شہر ابوظہبی اور العین پھر وہاں سے صحار کے راستے مسقط جائے گی۔