کیاماضی میں کئے گئے 420 وعدوں کو موسیٰ ندی میں بہا دیا گیا ہے؟سونیا گاندھی سے کشن ریڈی کا سوال
مرکزی وزیر وتلنگانہ بی جے پی کے سابق صدر جی کشن ریڈی نے اے آئی سی سی لیڈر سونیا گاندھی کے نام ایک کھلا مکتوب تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے تلنگانہ کی کانگریس حکومت کی جانب سے دی گئی 6 ضمانتوں پر عمل درآمد کے سلسلہ میں کئی سوالات اٹھائے ہیں۔
حیدرآباد: مرکزی وزیر وتلنگانہ بی جے پی کے سابق صدر جی کشن ریڈی نے اے آئی سی سی لیڈر سونیا گاندھی کے نام ایک کھلا مکتوب تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے تلنگانہ کی کانگریس حکومت کی جانب سے دی گئی 6 ضمانتوں پر عمل درآمد کے سلسلہ میں کئی سوالات اٹھائے ہیں۔
کشن ریڈی نے سوال کیا کہ کیا سونیا گاندھی نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے ان ضمانتوں کی صورتحال کے بارے میں کبھی پوچھا ہے یا حقائق جاننے کی کوشش کی ہے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس اسمبلی انتخابات کے دوران ریاست کے عوام سے دھوکہ دہی پر مبنی وعدے کر کے اقتدار میں آئی ہے اور اب ویژن ڈاکومنٹ کے نام پر نیا راگ الاپ رہی ہے۔
انہوں نے اپنے مکتوب میں سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا ماضی میں کئے گئے 420 وعدوں کو موسیٰ ندی میں بہا دیا گیا ہے؟ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ریاست کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے اور حکومت اپنی بات پر قائم نہ رہی تو عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ابھئے ہستم کے نام پر کئے گئے وعدے کانگریس حکومت کے لئے بھسماسور ہستم ثابت ہوں گے۔ انہوں نے سونیا گاندھی سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ کے عوام کو جواب دیں کہ ان کی حکومت وعدوں کو پورا کرنے میں کیوں ناکام ہو رہی ہے۔