پاؤبھاجی بیچنے والا، گروگرام حلقہ سے چوتھی مرتبہ لوک سبھا امیدوار
پاؤبھاجی بیچنے والا 54 سالہ کشیشور بھگت حلقہ لوک سبھا گروگرام سے الیکشن لڑرہا ہے۔ یہ اس کا چوتھا پارلیمانی الیکشن ہے۔

گروگرام: پاؤبھاجی بیچنے والا 54 سالہ کشیشور بھگت حلقہ لوک سبھا گروگرام سے الیکشن لڑرہا ہے۔ یہ اس کا چوتھا پارلیمانی الیکشن ہے۔
بہار کے مدھوبنی سے تعلق رکھنے والا یہ شخص 3 مرتبہ لوک سبھا الیکشن‘ 2مرتبہ اسمبلی الیکشن اور 2 مرتبہ صدرجمہوریہ کا الیکشن لڑچکا ہے۔
وہ بڑی جماعتوں کے سینئر قائدین کو ہرانے اور گروگرام میں تعلیم اور علاج معالجہ کے نظام کو ٹھیک کرنے کے لئے میدان میں اترا ہے۔
ہریانہ کے گروگرام سے اِس بار 26 امیدوار اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔ کشیشور بھگت گزشتہ 40 سال سے گروگرام کے سیکٹر 15 میں پاؤبھاجی بیچ رہا ہے۔
وہ پاؤبھاجی بنانا سیکھنے کے لئے بہار سے ممبئی گیا تھا۔ اندرون 5 سال اس نے بیوی اور 3 بچوں کے ساتھ گروگرام آکر فوڈ اسٹال لگالیا تھا۔ اس کا کہنا ہے کہ حلقہ گروگرام کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔
ریاست میں 9 پارلیمانی حلقے ہیں اور ہر حلقہ میں 900 مسائل ہیں لیکن انہیں حل کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ عوام کے اصرار پر الیکشن لڑرہا ہے اور 12 لاکھ ووٹوں سے جیتے گا۔