لبنان کی سرحد سے ملحق علاقوں میں اسرائیلی شہری گھر خالی کرکے محفوظ مقام پر منتقل ہوں: حزب اللہ
حزب اللہ نے لبنان کی سرحد سے ملحق علاقوں میں رہنے والے اسرائیل کے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرحد سے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں واقع اپنے گھروں کو خالی کرکے کسی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔
بیروت: حزب اللہ نے لبنان کی سرحد سے ملحق علاقوں میں رہنے والے اسرائیل کے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرحد سے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں واقع اپنے گھروں کو خالی کرکے کسی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے جمعہ کی صبح عبرانی زبان میں اپنے ٹیلی گرام چینل پر ایک پیغام جاری کرکے یہ انتباہ دیا۔
پیغام میں کہا گیا کہ لبنان کی آزادی اور اس کے شہریوں کے تحفظ کے خلاف اسرائیلی فوج کی کارروائیاں، شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا اور لوگوں کو زبردستی گھروں سے نکالنے کی مہم ناقابلِ برداشت ہے، اور اسے بغیر جواب کے نہیں چھوڑا جائے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی دفاعی افواج نے جمعرات کی دیر شام لبنان پر حملے شروع کر دیے، جس کے بعد لوگوں کو بیروت کے جنوبی علاقوں سے نکل جانے کی ہدایت دی گئی، جو حزب اللہ کا مضبوط گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے تہران میں ایرانی حکومت کے دہشت گردی سے متعلق ڈھانچے کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے بھی شروع کر دیے ہیں۔