حیدرآباد

رمضان المبارک میں بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت،محبوب نگر میں اعلیٰ سطحی اجلاس

محبوب نگرضلع  کلکٹر محترمہ وجیندرا بوئی نے رمضان المبارک کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقدہ کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں کیا۔

حیدرآباد: رمضان المبارک مقدس و متبرک مہینہ ہے جس میں مسلمان یکسوئی سے عبادتوں میں مشغول رہتے ہیں۔انہیں  کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہئیے۔ ان خیالات کا اظہار  محبوب نگرضلع  کلکٹر محترمہ وجیندرا بوئی نے رمضان المبارک کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقدہ کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں کیا۔

متعلقہ خبریں
گنیش وسرجن کے انتظامات مکمل:وزیرٹرانسپورٹ
شاد نگر اور محبوب نگر اسٹیشنوں پر ٹرینوں کو روکنے پر زور: مرکزی وزیر کشن ریڈی
ٹی ڈبلیو اے ٹی کا میجسٹک ہوٹل نامپلی میں اجلاس
جمعتہ الوداع: احساس اور عبادت کا دن – مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،

اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی اقلیتی مالیتی کارپوریشن چیرمن جناب عبید اللہ  کوتوال نے شرکت کی۔انہوں نے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ جناب  ریونت ریڈی نے رمضان  المبارک کے انتظامات کو بخوبی ادا کرنے کو کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے رمضان تحفہ اور دعوت افطار کا انتظام کیا جائے گا۔ عبیداللہ کوتوال نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انفرادی طور پر سرکاری عہدیداروں کا تعاون کریں تاکہ محبوب نگر کی عوام کی سہولیات فراہم کرنے میں آسانی ہو۔

انہوں نے تمام حاضرین کو شخصی طور پر اور حکومت کی جانب سے رمضان المبارک اور عید الفطر کی پیشگی مبارکباد پیش کی۔  علاوہ ازیں  مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداران ، سیاسی و سماجی شخصیات، علمائے کرام ، مشائخین اور دیگر اقلیتی قائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس کا مقصد رمضان المبارک کے دوران عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا لا پرواہی  سے گریز کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔

اجلاس میں ضلع انتظامیہ نے تمام سرکاری محکموں کو سختی سے ہدایت دی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو در پیش مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے۔ خاص طور پر برقی ، پانی ، صفائی ، سیکیورٹی، لا اینڈ آرڈر  اور صحت کے حوالے سے کوئی بھی شکایت موصول نہ ہو۔ اس کیلئے ہر محکمہ متحرک اور الرٹ رہے۔ اجلاس میں ٹرانسکو کے افسران کو ہدایت دی گئی کہ رمضان  المبارک کے دوران کسی بھی علاقہ میں غیر ضروری لوڈ شیڈنگ نہ ہو۔ خاص طور پر افطار اور سحری کے اوقات میں برقی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

 اسی طرح  بلدیہ حکام کو ہدایت دی گئی کہ مساجد ، عید گاہوں اور دیگر عوامی مقامات کے اطراف صفائی کا خاص خیال رکھا جائے ۔ سڑکوں پر روشنی کے مناسب انتظامات کیے جائیں۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداران کو تاکید کی گئی کہ رمضان کے دوران امن وامان پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ خصوصاً تراویح ،سحری اور افطار کے اوقات میں عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت دی گئی کہ اہم بازاروں اور مساجد کے قریب ٹریفک نظام کو بہتر بنائیں تا کہ عوام کو سہولت ہو، اور بلا ضرورت چالانات نہ کاٹیں۔ سیول سپلائی ڈیپارٹمنٹ کو پکوان گیس ، راشن کو وافر مقدار میں سپلائی کرنے کی ہدایت دی گئ ، اور راشن دکانوں کو زیادہ دیر تک کام کرنے کو کہا گیا۔

ڈسٹرک میڈیکل ہیلتھ آفیسر کو ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کرنے اور روزے کی وجہ سے dehydration ہونے والے روزے داروں کو ORS کی سربراہی اور ایمبولینس 108 کو متحرک رکھنے کی ہدایت دی گئی۔

اس  میٹنگ میں مجلس اتحاد المسلمین  ضلع صدر محمدعبد الہادی،   سابق کونسلر سعادت اللہ،  صدر جامع مسجد سید امین الدین، سکریٹری جامع مسجد  محمد عبد المجید ،   کنوینر کانگریس پارٹی  یوسف بن ناصر اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو در پیش مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نےکلکٹر سے درخواست کی کہ  اگر تمام محکمہ جات پوری طرح متحرک رہیں تو رمضان کا مہینہ عوام کیلئے راحت کا باعث بن سکتا ہے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر  جناب شیویندر پرتاپ کہا کہ رمضان المبارک میں تمام ضروری بیان کردہ امور پر عمل کیا جائے گا۔  اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل کلکٹر شیویندر پرتاپ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں تاکہ رمضان کے بابرکت ماہ میں عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اور عوام کے مطالبہ پر ٹمریز میں سحر و افطار کے لیے تازہ غذا ء کا انتظام کرنے کے احکامات جاری کئے۔رمضان المبارک میں اردو آفیسر ڈاکٹر منیب آفاق کو نوٖل آفیسر مقرر کیا گیا۔