مغلوں کے حملوں کے باوجود ہندو کلچر زندہ رہا: گجراتی وزیر
گجرات کے وزیر کُبیر دندور نے کہا ہے کہ ماضی میں مغل اور بیرونی حملہ آوروں کے حملوں کے باوجود ہندو کلچر زندہ رہا۔
گودھرا(گجرات) (پی ٹی آئی) گجرات کے وزیر کُبیر دندور نے کہا ہے کہ ماضی میں مغل اور بیرونی حملہ آوروں کے حملوں کے باوجود ہندو کلچر زندہ رہا۔
انہوں نے جمعرات کے دن زور دے کر کہا کہ آج جو ہندو ذات پات اور علاقوں میں بٹے ہوئے ہیں اگر متحد رہیں تو ماضی میں جو کھویا تھا اسے دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ودھرمی (غیرہندوبیرونی افراد) نے اس علاقہ پر حملہ کیا۔ مغلوں نے یہاں 13 ویں صدی تا 17 ویں صدی حکومت کی۔
بابر تا اورنگ زیب ان مغل حملہ آوروں نے سناتن ہندو کلچرل ہیریٹیج کو تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن ہمارا ہندو کلچر آج بھی زندہ ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم نے کہا کہ سومناتھ مندر کو 7 مرتبہ تباہ کیا گیا لیکن وہ ابھی بھی ہندو کلچر کی علامت بن کر کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اگلی نسل کو جاننا چاہئے کہ ودھرمیوں نے کس طرح ہندو کلچر اور ہیریٹیج کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ ہمارا ملک کبھی وشواگرو سمجھا جاتا تھا۔ ہمیں وہ پوزیشن دوبارہ حاصل کرنی ہے۔
ہم ہندو فی الحال مختلف علاقوں اور ذات پات میں بٹے ہوئے ہیں۔ اگر ہم متحد ہوجائیں تو یقینا وہ چیز دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں جو سابق میں ہم نے گنوائی تھی۔