محمد اظہرالدین اور فضلانی گروپ کے سربراہ عبدالقادر فضلانی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریاں
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقادر فضلانی نے کہا کہ قوم وملت کی خدمت ان کا نصب العین ہے اور یہ اعزاز دراصل انہی خدمات کے صلہ میں حاصل ہوا ہے۔
ممبئی: ٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہرالدین اور ملک کے مشہور تجارتی و صنعتی ادارہ فضلانی گروپ کے روح رواں اور متعدد تعلیمی اداروں کے نگراں عبدالقادر فضلانی کو معروف طبی، تعلیمی اور ثقافتی ادارہ جامعہ ہمدرد نے اعزازی ڈاکٹریٹ سے نوازا ہے۔ حال میں جامعہ ہمدرد یونیورسٹی 2023 کانووکیشن میں انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریوں سے نوازا گیا۔
فضلانی گروپ آف کمپنی کے چیئرمین عبدالقادر فضلانی صرف ایک تاجر اور صنعت کار ہی نہیں بلکہ ایکسپورٹ کا کاروبار بھی کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی آمدنی کا ایک بڑا حصّہ تعلیمی، طبی اور سماجی کاموں میں خرچ کرتے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقادر فضلانی نے کہا کہ قوم وملت کی خدمت ان کا نصب العین ہے اور یہ اعزاز دراصل انہی خدمات کے صلہ میں حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد قوم کے نوجوانوں کو تعلیم یافتہ بنانا ہے اور ایک بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے سے اللّٰہ تعالیٰ ساری کائنات کی خوشیاں عطا فرماتا ہے۔ یہ خدمات کاسلسلہ مستقبل میں بھی جاری وساری رہیگا۔
جامعہ ہمدرد کے مذکورہ کانووکیشن میں مشہور کرکٹر اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کو بھی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا۔
اے ایم یو، جامعہ ملیہ اور جامعہ ہمدرد کورٹ کے ممبر اور صنعت کار آصف فاروقی، ہمدرد کے سی ای او ساجد احمد، آفتاب شیخ، ڈاکٹر فضلانی کی اہلیہ اور دیگر معززین نے اس موقع پر شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔