معین آباد میں ہولناک سڑک حادثہ؛ دو افراد ہلاک، کئی زخمی
ابتدائی اطلاع کے مطابق جمعہ کی صبح تانڈور کے علاقے سے ایک ڈاکٹر تین افراد کے ساتھ کار میں حیدرآباد آ رہے تھے۔ اسی دوران چار فوٹوگرافر اور ایک ویڈیو گرافر ایک کیب میں پروگرام کی شوٹنگ کے لیے چیوَلہ روانہ ہو رہے تھے۔
حیدرآباد: حیدرآباد–بیجاپور قومی شاہراہ پر مرزاگُوڑہ کے قریب پیش آنے والے بھیانک سڑک حادثے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دونوں گاڑیوں میں سوار کئی افراد شدید زخمی ہوگئے۔ کنکاما میڈی گیٹ کے پاس یلو ڈھابہ کے سامنے پیش آئے اس حادثے نے مقامی سطح پر ایک بار پھر غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔
ابتدائی اطلاع کے مطابق جمعہ کی صبح تانڈور کے علاقے سے ایک ڈاکٹر تین افراد کے ساتھ کار میں حیدرآباد آ رہے تھے۔ اسی دوران چار فوٹوگرافر اور ایک ویڈیو گرافر ایک کیب میں پروگرام کی شوٹنگ کے لیے چیوَلہ روانہ ہو رہے تھے۔
یلو ڈھابہ کے قریب دونوں گاڑیاں آمنے سامنے خوفناک انداز میں ٹکرا گئیں۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کیب ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ ایک اور زخمی شخص دورانِ علاج اسپتال میں جانبر نہ ہو سکا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ حکام کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ حادثے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے پولیس تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔