صرف 3 سیریز میں محمد سراج ونڈے کے ’سرتاج‘کیسے بن گئے
حیدرآبادی فاسٹ بولر نے صرف 3 ونڈے سیریز میں 38 مقام کا فرق دور کرکے یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔ محمد سراج نے اپنا ونڈے ڈیبیو سال 2019 میں کیا تھا لیکن اس کے بعد وہ تین سال تک ونڈے ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے۔ وہ فروری 2022 سے اس فارمیٹ میں واپس آئے۔
حیدرآباد: ہندوستان کے فاسٹ بولر محمد سراج ونڈے کرکٹ میں بولنگ کے ’سرتاج‘ بن گئے ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے چہارشنبہ کو جاری کی گئی تازہ ترین ونڈے رینکنگ میں انہیں نمبر 1 کا مقام ملا۔ یہاں خاص بات یہ ہے کہ سراج نومبر 2022 تک اس رینکنگ میں 39 ویں نمبر پر تھے۔
حیدرآبادی فاسٹ بولر نے صرف 3 ونڈے سیریز میں 38 مقام کا فرق دور کرکے یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔ محمد سراج نے اپنا ونڈے ڈیبیو سال 2019 میں کیا تھا لیکن اس کے بعد وہ تین سال تک ونڈے ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے۔ وہ فروری 2022 سے اس فارمیٹ میں واپس آئے۔
اس کے بعد اس بولر نے باقاعدگی سے اپنی کارکردگی کو بہتر کیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ایک سال کے اندر یہ کھلاڑی اب دنیا کے نمبر 1 ونڈے بولر بن گئے ہیں۔ سراج نے اس ایک سال میں 20 ونڈے کھیلے اور مجموعی طورپر 37 وکٹیں حاصل کیں۔ اس دوران انہوں نے بہت سخت گیند بازی کی۔
ان کا اکانومی ریٹ 5 سے کم رہا۔ آخری تین ونڈے سیریز ان کیلئے بہترین تھیں۔ دسمبر 2022 میں محمد سراج نے بنگلہ دیش کے خلاف 3 میچوں میں 22 کی اوسط اور 5.28 کے اکانومی ریٹ سے 6 وکٹیں لیں۔ اس کے بعد سال کے آغاز میں سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی 3 میچوں کی ونڈے سیریز میں وہ 9 وکٹیں لیکر ’پلیئر آف دی سیریز‘ رہے۔
اس کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دو میچوں میں اس حیدرآبادی بولر نے 5 وکٹیں لیکر اپنی کارکردگی کو برقرار رکھا۔ سراج کو نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میں تجربہ کار بولر محمد سمیع کے ہمراہ آرام دیا گیاتھا۔
اس طرح ان تینوں سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت یہ بولر 39 ویں رینکنگ سے نمبر 1 پر پہنچ گیا۔ ٹاپ 10 بولرس اس طرح ہیں۔ محمد سراج اب 729 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ونڈے بولرز کی رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔ جوش ہیزل ووڈ (727) اور ٹرینٹ بولٹ (708) دوسرے نمبر پر ہیں۔
مچل اسٹارک (665) اور راشد خان (659) ٹاپ 5 کی فہرست میں موجود ہیں۔ ٹاپ 10 میں ایڈم زمپا، شکیب الحسن، شاہین آفریدی، مستفیض الرحمان اور مجیب الرحمان شامل ہیں۔ ٹاپ 20 میں ہندوستان کے دوسرے بولر کلدیپ یادو ہیں۔