تجارت

شیئر بازاروں میں زبردست تیزی، سینسیکس 800 پوائنٹس سے زیادہ

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے یورپ پر درآمدی محصولات لگانے کے فیصلے کو واپس لینے اور گرین لینڈ پر قبضہ کے لیے طاقت کے استعمال سے انکار کے بعد ہندستاسنی شیئر بازاروں میں سرمایہ کاری کا رجحان مضبوط ہوا ہے۔

ممبئی: گرین لینڈ پر امریکہ کے رویے میں نرمی کے سبب گھریلو شیئر بازاروں میں جمعرات کو ابتدائی کاروبار میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور بی ایس ای کا سینسیکس 800 پوائنٹس اوپر رہا۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے یورپ پر درآمدی محصولات لگانے کے فیصلے کو واپس لینے اور گرین لینڈ پر قبضہ کے لیے طاقت کے استعمال سے انکار کے بعد ہندستاسنی شیئر بازاروں میں سرمایہ کاری کا رجحان مضبوط ہوا ہے۔

روپئے میں بھی تیزی کی واپسی سے بازار کو سہارا ملا۔ ہندستانی کرنسی فی الحال 10 پیسے کے اضافے کے ساتھ 91.55 روپے فی ڈالر پر ہے۔ بدھ کو یہ 91.65 روپے فی ڈالر کے تاریخی نچلے سطح پر بند ہوا تھا۔

سینسیکس 550.03 پوائنٹس کی مضبوطی کے ساتھ 82,459.66 پوائنٹس پر کھلا۔ کچھ ہی دیر میں یہ 874 پوائنٹس اوپر 82,783 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ خبر لکھے جانے تک یہ گزشتہ کاروباری دن کے مقابلے میں 787.58 پوائنٹس (0.96 فیصد) بڑھ کر 82,697.21 پوائنٹس پر تھا۔

اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نِفٹی-50 انڈیکس 186.65 پوائنٹس اوپر 25,344.15 پوائنٹس پر کھل کر 25,431 پوائنٹس تک بڑھ گیا۔ خبر لکھے جانے تک یہ بھی 247.30 پوائنٹس یعنی 0.98 فیصد کی بڑھوتری کے ساتھ 25,404.80 پوائنٹس پر تھا۔

بازار میں تین دن بعد رونق واپس آئی ہے۔ تمام سیکٹروں کے انڈیکسز میں اچھی تیزی دیکھی گئی۔ سینسیکس کی تمام کمپنیز سبز نشان میں ہیں۔ انڈیکس کی بڑھوتری میں سب سے زیادہ حصہ ہندستانی اسٹیٹ بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک، ایئرٹیل، ریلائنس انڈسٹریز اور مہندرا اینڈ مہندرا کا ہے۔