حیدرآباد: حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کیخلاف مہم، پولیس کو سانپ سے ڈرانے کی کوشش۔آٹو ڈرائیور کی عجیب وغریب حرکت
حیدرآباد میں حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف مہم کے دوران ٹریفک پولیس کو اکثر عجیب و غریب تجربات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کبھی کوئی بااثر شخصیات کا حوالہ دے کر پولیس کو دھمکاتا ہے تو کبھی کوئی سڑک پر لیٹ کر جان دینے کی دھمکی دیتا ہے۔
حیدرآباد: حیدرآباد میں حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف مہم کے دوران ٹریفک پولیس کو اکثر عجیب و غریب تجربات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کبھی کوئی بااثر شخصیات کا حوالہ دے کر پولیس کو دھمکاتا ہے تو کبھی کوئی سڑک پر لیٹ کر جان دینے کی دھمکی دیتا ہے۔
کچھ لوگ پکڑے جانے پر گھر والوں کے ڈر سے رونے لگتے ہیں جبکہ بعض تو پولیس کی بریتھ اینالائزر مشینیں ہی لے کر بھاگ چکے ہیں لیکن حال ہی میں پرانا شہر حیدرآباد کے علاقہ چندرائن گٹہ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے تمام کو حیران کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چندرائن گٹہ چوراہے پر پولیس یہ مہم میں مصروف تھی کہ اسی دوران پولیس نے ایک آٹو کو روکا جس کا ڈرائیور شدید نشہ میں تھا۔ پولیس کی کارروائی سے بچنے کے بجائے ڈرائیور آپے سے باہر ہو گیا اور اس نے پولیس والوں کو ڈرانے کے لئے اپنے آٹو میں سے اچانک ایک زندہ سانپ نکال لیا۔
ڈرائیور نے سانپ کے ذریعہ پولیس ملازمین کو دھمکانے کی کوشش کی جس سے ایک لمحہ کے لئے وہاں موجود عہدیدارخوفزدہ ہو کر پیچھے ہٹ گئے تاہم کچھ دیر بعد پولیس نے ہمت دکھائی اور ہوشیاری سے کام لیتے ہوئے ڈرائیور کو قابو کر لیا۔ پولیس نے سانپ سے دھمکانے اور سرکاری کام میں مداخلت کے الزام میں آٹو ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔