پٹاخہ پھینکنے کی مخالفت پر چاقو سے حملہ، تین افراد زخمی
حیدرآباد کے پٹیل نگر میں بچے پر پٹاخہ پھینکنے کی مخالفت کرنے پر تنازع، سلمان اور ارباز سمیت چند افراد پر بچے کے ماموں اور دو دیگر افراد کو چاقوؤں سے زخمی کرنے کا الزام، تینوں عثمانیہ جنرل اسپتال میں زیر علاج۔
حیدرآباد: شہر کے علاقہ گاندھی بھون کے قریب پٹیل نگر میں ایک بچے پر پٹاخہ پھینکنے کے واقعہ پر اعتراض کرنے والے اس کے ماموں اور دو دیگر افراد پر مبینہ طور پر چاقوؤں سے حملہ کردیا گیا، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بیگم بازار پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سڑک سے گزرنے والے ایک بچے کی طرف چند نوجوانوں نے مبینہ طور پر پٹاخہ پھینکا۔ اس حرکت پر بچے کے ماموں نے اعتراض کیا اور نوجوانوں سے اس بارے میں سوال کیا، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی۔
الزام ہے کہ بحث کے دوران سلمان، ارباز اور ان کے ساتھیوں نے بچے کے ماموں اور ان کے ساتھ موجود دو دیگر افراد پر چاقوؤں سے حملہ کردیا۔ اس حملے میں شیخ وحید، شیخ عمران اور شیخ شہباز زخمی ہوگئے۔
واقعہ کے بعد تینوں زخمیوں کو علاج کے لیے عثمانیہ جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر بیگم بازار پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔