مادھوری ڈکشٹ نے سر پر گلاس رکھ کر کیا ڈانس، مداح حیران
فلم ’اینیمل‘ کے مشہور ’جمال کدو‘ ڈانس اسٹیپ کو مادھوری ڈکشٹ نے سر پر گلاس رکھ کر اپنے منفرد انداز میں پیش کیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، مداحوں نے اداکارہ کی رقص کی مہارت کو سراہا۔
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے فلم ’اینیمل‘ میں بوبی دیول کے مشہور ڈانس اسٹیپ کو اپنے منفرد انداز میں دوبارہ پیش کرکے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔ وائرل ویڈیو میں مادھوری جامنی رنگ کے انارکلی سوٹ میں سر پر گلاس رکھ کر اسی انداز میں رقص کرتی نظر آرہی ہیں۔
وائرل ویڈیو میں مادھوری ڈکشٹ جامنی رنگ کے انارکلی سوٹ میں نظر آرہی ہیں۔ وہ بوبی دیول کی طرح سر پر گلاس رکھ کر موسیقی کی دھن پر رقص کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ رقص کے دوران وہ نہایت خوبصورتی سے اپنا توازن برقرار رکھتی ہیں اور گلاس کو گرنے نہیں دیتیں۔
واضح رہے کہ فلم ’اینیمل‘ میں بوبی دیول کی انٹری کے دوران ’جمال کدو‘ گانے پر ان کا سر پر گلاس رکھ کر رقص کرنا کافی مقبول ہوا تھا۔ یہ انداز دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور لوگوں نے اسے خوب نقل کیا۔
دوسری جانب مادھوری ڈکشٹ حال ہی میں ممبئی میں منیش ملہوترا کی دیوالی پارٹی میں بھی اپنے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے اور بڑے بیٹے آرین کے ساتھ شریک ہوئی تھیں۔