کمشنر پولیس حیدرآباد نے گنیش وسرجن کے انتظامات کا جائزہ لیا
انہوں نے آرگنائزرس اور والنٹرس سے کہا کہ رات کے وقت مورتیوں کے قریب موجود رہیں اور منڈپ کمیٹیوں کو مشورہ دیا کہ وسرجن کا عمل جلد شروع کریں تاکہ جلوس میں شامل افرادمحفوظ طریقہ سے گھروں کو واپس لوٹ سکیں۔
حیدرآباد: کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے آج ویسٹ زون ڈی سی پی آفس میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے 6 ستمبر کو منعقد ہونے والے گنیش وسرجن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
زون کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے آنند نے کہا کہ شردھالوووں کو تہوار کے موقع پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ جیب کترنے، خواتین کو ہراساں کرنے اور طلائی چین چھیننے جیسے جرائم کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی کی جائے۔
انہوں نے آرگنائزرس اور والنٹرس سے کہا کہ رات کے وقت مورتیوں کے قریب موجود رہیں اور منڈپ کمیٹیوں کو مشورہ دیا کہ وسرجن کا عمل جلد شروع کریں تاکہ جلوس میں شامل افرادمحفوظ طریقہ سے گھروں کو واپس لوٹ سکیں۔
کمشنر نے گوشہ محل، ٹپہ چبوترہ، لنگر ہاؤس اور گولکنڈہ میں اہم گنیش منڈپوں کا معائنہ کیا اور آرگنائزرس اور والنٹرس سے بات چیت کی۔ بارش کے پیش نظر انہوں نے حفاظتی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا تاکہ حادثات سے بچا جا سکے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرامن جشن کے لئے پولیس سے تعاون کریں۔