’ہائیڈروجن بم‘ عنقریب پھٹنے والا ہے: راہول گاندھی
قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے ہفتہ کے دن اپنے اگلے انکشاف کو ”ہائیڈروجن بم“ قراردیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ”بلیک اینڈ وائٹ ثبوت“ہوگا جو ملک کے سیاسی منظرنامہ کو ہلاکر رکھ دے گا۔
وائناڈ (آئی اے این ایس) قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے ہفتہ کے دن اپنے اگلے انکشاف کو ”ہائیڈروجن بم“ قراردیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ”بلیک اینڈ وائٹ ثبوت“ہوگا جو ملک کے سیاسی منظرنامہ کو ہلاکر رکھ دے گا۔
وائناڈ میں جہاں وہ اپنی ماں سونیا گاندھی کے ساتھ اِن دنوں نجی دورہ پر ہیں‘ میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اگلا انکشاف پوری طرح واضح ثبوت ہوگا اور کئی تفصیلات ابھرکر سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلاانکشاف عنقریب ہونے والا ہے اور یہ ہائیڈروجن بم ہوگا جو صورتِ حال کی حقیقت کو پوری طرح تباہ کردے گا۔
ہمارے پاس بلیک اینڈ وائٹ ثبوت موجود ہے۔ کئی چیزیں سامنے آجائیں گی۔ اس سوال پر کہ آیا ان کا یہ انکشاف وزیراعظم کے حلقہ وارانسی سے متعلق ہوگا‘ انہوں نے جواب دیا کہ میں اپنا کام کروں گا اور آپ میڈیا والے اپنا کام کرسکتے ہیں۔
راہول گاندھی نے جو اشارہ دیا ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ ان کے نئے انکشاف کے قابل لحاظ سیاسی مضمرات ہوں گے حالانکہ انہوں نے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ ان کے یہ ریمارکس بڑھتی سیاسی کشیدگی کے بیچ آئے ہیں۔ کانگریس نے ریاستی اور مرکزی سطح پر حکومت کی مبینہ بدانتظامی اور کرپشن کی جانچ تیز کردی ہے۔
ہائیڈروجن بم کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ کانگریس قائد ان کے پاس موجود ثبوت کی شدت بیان کرنا چاہتے ہیں۔ وہ یہ اشارہ دینا چاہتے ہیں کہ مستقبل قریب میں بڑی سیاسی پیشرفت ہونے والی ہے۔
راہول گاندھی نے 2019 تا 2024 وائناڈ حلقہ کی نمائندگی کی تھی اور 2024 میں یہ نشست بہن پرینکا گاندھی کے لئے خالی کردی تھی جہاں سے وہ نومبر 2024 کے ضمنی الیکشن میں بھاری اکثریت سے منتخب ہوئیں۔ راہول گاندھی کے دورہ ئ وائناڈ پر سیاسی مبصرین کی گہری نظر ہے کیونکہ یہ دورہ ایسے وقت ہورہا ہے جب کانگریس نے ملک میں اہم حلقوں میں اپنی سرگرمیاں بڑھادی ہیں۔