کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ جاؤں گی: ممتا بنرجی
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے جمعہ کے دن اعلان کیا کہ ان کی حکومت 2010 سے ریاست میں جاری تمام او بی سی سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ جائے گی۔
کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے جمعہ کے دن اعلان کیا کہ ان کی حکومت 2010 سے ریاست میں جاری تمام او بی سی سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ جائے گی۔
ضلع 24 پرگنہ کے ساگر میں انتخابی ریالی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت گرمائی تعطیلات کے بعد اپیل دائر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہائی کورٹ کے احکام کو نہیں مانتے۔ ہم اوپر کی عدالت میں جائیں گے۔
چہارشنبہ کے دن کلکتہ ہائی کورٹ نے کئی طبقات کا او بی سی موقف رد کردیا تھا جس پر لوک سبھا الیکشن کے بیچ سیاسی بحث چھڑگئی۔ عدالت نے کہا تھا کہ پسماندہ زمروں میں مسلمانوں کی 77 ذاتوں کو شامل کرنا ان سے ووٹ بینک جیسا معاملہ کرنے کے برابر ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ میں عدالتوں کا احترام کرتی ہوں لیکن بعض ججس صرف بی جے پی اور سی پی آئی ایم کے حکم پر چل رہے ہیں۔ ٹی ایم سی سربراہ نے رائے دہندوں سے خواہش کی کہ وہ ٹی ایم سی کے سوا بی جے پی یا کسی دوسری جماعت کو ایک بھی ووٹ نہ ڈالیں تاکہ مرکز میں انڈیا بلاک کی حکومت بنے۔
انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ درج فہرست ذاتوں و قبائل کے حقوق کی نفی کرنے یکساں سیول کوڈ لاگو کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ممتا بنرجی نے عازمین حج کے خاندانوں سے اپیل کی کہ وہ سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں کیونکہ یکساں سیول کوڈ اور سی اے اے سے وہ اپنے حق ِ رائے دہی سے محروم کئے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے رائے دہندوں سے کہا کہ بارش ہو تب بھی ووٹ ڈالنے ضرور جائیں۔ مغربی بنگال میں لوک سبھا الیکشن کے پانچویں مرحلہ میں رائے دہی کم ہونے کے پس منظر میں انہوں نے یہ اپیل کی۔ اُس دن 2 گھنٹے بارش ہوئی تھی۔ آئی اے این ایس کے بموجب چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے جمعہ کے دن کلکتہ ہائی کورٹ کے بعض ججس پر پھر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں اور نظام ِ عدلیہ کا بڑا احترام کرتے ہیں لیکن مجھے معذرت کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض ججس کے فیصلوں میں بیسک میرٹ (بنیادی محاسن) نہیں۔ ایک جج نے آر ایس ایس سے اپنی وابستگی کا اعتراف کیا ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ کی ڈیویژن بنچ نے حالیہ فیصلہ میں مغربی بنگال میں 2010 کے بعد جاری تمام او بی سی (دیگر پسماندہ طبقات) سرٹیفکیٹس منسوخ کردیئے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ شرمناک ہے۔ میں اس فیصلہ کو نہیں مانتی۔ اس کے خلاف اپیل کروں گی۔ ممتا بنرجی نے وزیراعظم نریندر مودی کے اس تبصرہ پر بھی تنقید کی کہ ان کی توانائی بائیولوجیکل نہیں ہے۔ ٹی ایم سی سربراہ نے کہا کہ مودی کو اگر بھگوانوں نے بھیجا ہے تو بہتر ہوگا کہ وہ مندر میں رہیں۔ میں مندر تعمیر کرادوں گی۔