دہلی

اگر ہم یہ قانون نہ لاتے تو پارلیمنٹ کو بھی وقف جائیداد ہونے کا دعویٰ کردیا جاتا: کرن رجیجو (ویڈیو)

وزیر پارلیمانی امور کرن رجیجو نے چہارشنبہ کے دن پچھلی یوپی اے حکومت کو 123 جائیدادیں ڈی نوٹیفائی کرکے دہلی وقف بورڈ کے حوالہ کرنے کے لئے نشانہ ئ تنقید بنایا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) وزیر پارلیمانی امور کرن رجیجو نے چہارشنبہ کے دن پچھلی یوپی اے حکومت کو 123 جائیدادیں ڈی نوٹیفائی کرکے دہلی وقف بورڈ کے حوالہ کرنے کے لئے نشانہ ئ تنقید بنایا۔

متعلقہ خبریں
مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافیوں کو دور کیا جائے۔ کانگریس ایم پیز کا زور
بلدی انتخابات: بی جے پی اور بی آر ایس کے درمیان بات چیت کی اطلاعات۔ بنڈی سنجے كی وضاحت
وقف ترمیمی بل چور دروازے سے اوقافی جائیدادوں کو غصب کرنے کی سازش: مشتاق ملک
وقف ترمیمی بل 2024، اوقاف کی جائیدادوں کے خاتمہ کا آغاز : محمد مشتاق
شعبہ معدنیات میں مزید اصلاحات، پالیسی ساز فیصلے متوقع : کشن ریڈی

وقف ترمیمی بل کے ضروری ہونے کی مدافعت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم یہ قانون نہ لاتے تو پارلیمنٹ کے احاطہ کے بھی وقف جائیداد ہونے کا دعویٰ کردیا جاتا۔ اپوزیشن کے احتجاج کے بیچ انہوں نے وقف (ترمیمی) بل 2025 اور مسلمان وقف (تنسیخ) بل 2025 لوک سبھا میں پیش کیا۔ ایوان سے خطاب میں انہوں نے جے پی سی ارکان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے بھی سابق میں وقف قانون کو غیردستوری یا غیرقانونی نہیں کہا تھا۔ ہم نے جب مثبت اصلاحات متعارف کرائیں تو پھر ایسے الفاظ کا استعمال کیوں ہورہا ہے؟ عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے اور بھڑکایا جارہا ہے۔ یوپی اے حکومت کی 2013 کی ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے کسی کو بھی ہندو‘ مسلمان‘ عیسائی یا بدھسٹ کو وقف جائیداد کا اختیار دے دیا تھا حالانکہ وقف مسلمانوں کے لئے مخصوص ہے اور اس کا تعلق اللہ سے ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں پچھلی حکومت نے شیعہ وقف بورڈ میں صرف شیعہ ارکان اور سنی وقف بورڈ میں صرف سنی ارکان کی صراحت کردی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مداخلت نہ کی ہوتی تو پتہ نہیں مزید کتنی جائیدادیں ڈی نوٹیفائی ہوجاتیں۔ لوک سبھا میں ڈپٹی لیڈر اپوزیشن گوروگوئی نے حکومت کو جم کر نشانہ ئ تنقید بنایا۔ انہوں نے حکومت کی نیت پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے اپنی تقریر شروع کی۔

انہوں نے کہا کہ آج حکومت کی نظر ایک مخصوص فرقہ کی اراضی پر ہے۔ کل وہ دیگر اقلیتوں کی اراضیات کو بھی نشانہ بنائے گی۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ ملک بھر میں کیسس کی راہ ہموار کرتے ہوئے افراتفری پیدا کررہی ہے۔ وہ بھائی چارہ کے ماحول کو درہم برہم کررہی ہے۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ غلط فہمیاں پیدا کررہی ہے۔ اس کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ موجودہ قانون خواتین کے خلاف ہے۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ ملک کا سیکولر تانہ بانہ خطرہ میں پڑسکتا ہے۔

ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے وقف ترمیمی بل کی پرزور مخالفت کی۔ انہوں نے اسے دستور کی راست خلاف ورزی قراردیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بل دستور کے بنیادی ڈھانچہ پر ضرب لگارہا ہے۔ وہ مسلمانوں سے ان کے مذہبی امور کو چلانے کا حق چھین رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف مذہبی اور فلاحی مقاصد کاایک ادارہ ہے۔ مسلمانوں کو اپنے مذہبی امور اپنی مرضی سے انجام دینے کا دستوری حق حاصل ہے کیونکہ وقف جائیداد اللہ کی ملکیت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل دستور کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بل ریاستی فہرست میں آتا ہے۔ پارلیمنٹ کو وقف اراضی اور عمارتوں کے تعلق سے قانون سازی کا اختیار نہیں ہے۔ پارلیمنٹ اب ریاستوں کا اختیار چھین رہی ہے۔ یہ پوری طرح غیردستوری ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بل کے خلاف ووٹ دے گی۔ انہوں نے برسراقتدار جماعت پر وقف بورڈس کو مسلکی خطوط پر بانٹنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے حکومت کی بدنیتی جھلکتی ہے۔

کلیان بنرجی نے الزام عائد کیاکہ یہ بل وقف جائیدادوں کو اپنے قبضہ میں لینے کا حکومت کا حربہ ہے۔ انہوں نے وقف املاک کو مسلمانوں کی ریڑھ کی ہڈی قراردیا۔ سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ وقف بل متعارف کرایا جانا اس کی ناکامیوں کو ظاہر کرتا ہے۔ لوک سبھا میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے جب چیف منسٹر اترپردیش اور مہاکمبھ میلہ کا ذکر چھیڑا تو اسپیکر اوم برلا نے مداخلت کی اور ان سے کہا کہ وہ اپنی بحث کو وقف بل تک محدود رکھیں۔

اسی دوران کانگریس قائد راشد علوی نے چہارشنبہ کے دن تیقن دیا کہ 2029 میں برسراقتدار آنے پر کانگریس‘ وقف قانون پر نظرثانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بل منظور ہوجانے کے بعد احتجاج کا کوئی تُک نہیں۔ بی جے پی چاہتی ہے کہ مسلمان احتجاج کریں‘ سڑکوں پر نکلیں۔ بی جے پی شاہین باغ جیسی صورتِ حال میں پھلتی پھولتی ہے۔ اس سے اس کا موقف مستحکم ہوتا ہے۔

احتجاج کرنا بے فیض ہوگا۔ بی جے پی برسراقتدار رہنے تک احتجاجیو ں کی بات نہیں سنے گی۔ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ 2029 میں جب ہماری حکومت بنیں گی تو ہم اس قانون کو بدل دیں گے۔ کانگریس قائد نے بی جے پی کا یہ دعویٰ مسترد کردیا کہ اپوزیشن قائدین عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا کانگریس مسلم کمیونٹی کو گمراہ کررہی ہے؟ کیا ممتا بنرجی گمراہ کررہی ہیں؟ کیا ڈی ایم کے بھی گمراہ کررہی ہے؟ کیا اترپردیش کی سماج وادی پارٹی گمراہ کررہی ہے؟ ملک میں کئی اپوزیشن جماعتیں ہیں۔ بی جے پی کے بموجب یہ ساری گمراہ کررہی ہیں۔