موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر، آسٹریلیا کو تاریخ کے گرم ترین موسم سرما کا سامنا
سائنسدانوں کی جانب سے مسلسل خبردار کیا جا رہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث قدرتی آفات جیسے جنگلات کی آتشزدگی، سیلاب اور سمندری طوفانوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
سڈنی: موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آسٹریلیا میں تاریخ کا گرم ترین موسم سرما ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آسٹریلیا میں جون سے اگست میں موسم سرما کے دوران اوسط درجہ حرارت 16.75 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خیال رہے کہ ہماری زمین کے جنوبی نصف کرے میں واقع ممالک میں موسم سرما جون سے شروع ہوتا ہے۔
اس سے قبل 1996 میں ان مہینوں کے دوران 16.68 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کا ریکارڈ بنا تھا جو اب ٹوٹ گیا ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کی جانب سے 1910 سے موسم کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔
سائنسدانوں کی جانب سے مسلسل خبردار کیا جا رہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث قدرتی آفات جیسے جنگلات کی آتشزدگی، سیلاب اور سمندری طوفانوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آنے والے موسم گرما کے دوران آسٹریلیا میں جنگلات کی آتشزدگی کی شدت بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔دنیا بھر میں حالیہ برسوں کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درجہ حرارت کے متعدد ریکارڈز ٹوٹ چکے ہیں۔
جولائی 2023 کے دوران دنیا بھر میں ہیٹ ویوز اور آتشزدگی کے واقعات دیکھنے میں آئے تھے اور اسے تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار دیا گیا تھا۔
گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی نہ آنے سے ہر سال ہیٹ ویوز کی شدت اور دورانیے میں اضافہ ہو رہا ہے۔