منی پور کی صورتحال پر وزارت ِ داخلہ میں کل اہم میٹنگ
ایک اہم پیشرفت میں مرکزی وزارت ِ داخلہ (ایم ایچ اے) نے نئی دہلی میں منگل کو میتی‘ ناگا اور کوکی زو برادریوں کے ارکان ِ اسمبلی کی اہم میٹنگ طلب کی ہے

امپھال (آئی اے این ایس) ایک اہم پیشرفت میں مرکزی وزارت ِ داخلہ (ایم ایچ اے) نے نئی دہلی میں منگل کو میتی‘ ناگا اور کوکی زو برادریوں کے ارکان ِ اسمبلی کی اہم میٹنگ طلب کی ہے تاکہ منی پور میں عرصہ سے جاری نسلی کشیدگی کا حل نکالا جائے اور وہاں امن قائم ہو۔ ذرائع نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔
عہدیداروں نے کل کے اجلاس کی نہ تو تردید کی اور نہ توثیق لیکن میتی‘ ناگا اور کوکی زو برادریوں کے وزرا اور ارکان ِ اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ اس کی توثیق کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میتی اور ناگا برادریوں کے چند وزرا اور ارکان ِ اسمبلی شرکت کرسکتے ہیں لیکن کوکی زو برادری کے وزرا اور ارکان ِ اسمبلی نے کل کی اہم میٹنگ میں شرکت کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
امپھال میں مقامی میڈیا نے خبر دی کہ ناگا‘ کوکی زو اور میتی ارکان اسمبلی/ وزرا کو وزارت ِ داخلہ نے خطوط اور ٹیلی فون کال کے ذریعہ شخصی طورپر مدعو کیا ہے۔