عمران خان کی ٹانگ میں لگی گولی، ہاسپٹل منتقل
جیو نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم کو ٹانگ میں گولی لگی اور وہ محفوظ بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ: سابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان فائرنگ میں زخمی ہوگئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کی فائرنگ میں عمران خان کی ٹانگ میں گولی لگی ہے جبکہ وہ اپنے لانگ مارچ سے خطاب کرنے کے لئے کنٹینر پر کھڑے تھے۔
اس واقعہ کے ساتھ ہی گوجرانوالہ کے اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کے استقبالیہ کیمپ کے قریب افراتفری مچ گئی اور لوگ اِدھر اُدھر بھاگنے لگے۔
جیو نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم کو ٹانگ میں گولی لگی اور وہ محفوظ بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جیو نیوز نے رپورٹ کیا کہ فائرنگ میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید سمیت کئی دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
عمران خان اسلام آباد کی طرف پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی قیادت کر رہے ہیں جو 29 اکتوبر کو لاہور کے لبرٹی چوک سے شروع ہوا تھا۔ یہ پی ٹی آئی کے سربراہ کا رواں سال دوسرا لانگ مارچ ہے۔
عمران خان، اپنے حامیوں کے ساتھ، مارچ کے اختتام پر شہباز شریف کی زیرقیادت مخلوط حکومت کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کی توقع ہے۔ پی ٹی آئی نے تاحال اسلام آباد آمد کی تاریخ کی تصدیق نہیں کی ہے۔
اس سے پہلے یہ منصوبہ 4 نومبر تک اسلام آباد پہنچنے کا تھا۔ بعد میں اس پر نظر ثانی کرتے ہوئے 8-9 نومبر کر دیا گیا اور پھر دوبارہ 11 نومبر کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے پھر اعلان کیا کہ پارٹی حکومت کو تھکا دینے کے لئے تاریخ بدلتی رہے گی۔