عمران پرتاپ گڑھی نے ٹرین میں ظلم کے شکار بزرگ سے اسپتال میں ملاقات کی، ہر ممکن مدد کا وعدہ
حال ہی میں مہاراشٹر کی ایک ٹرین میں مسلم بزرگ اشرف علی پر کیے گئے حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس نے ملک بھر میں شدید تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی۔ بزرگ اشرف علی اس وقت ممبئی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
مہاراشٹر: حال ہی میں مہاراشٹر کی ایک ٹرین میں مسلم بزرگ اشرف علی پر کیے گئے حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس نے ملک بھر میں شدید تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی۔ بزرگ اشرف علی اس وقت ممبئی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے آج اسپتال میں اشرف علی سے ملاقات کی اور ان کو یقین دلایا کہ ان کے علاج اور بہبود کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ عمران پرتاپ گڑھی نے اس ملاقات کی ویڈیو اپنے ‘ایکس’ ہینڈل سے شیئر کرتے ہوئے کہا، "مہاراشٹر کی ٹرین میں جن بزرگ کے ساتھ مار پیٹ کی گئی تھی، آج ممبئی کے اسپتال میں پہنچ کر ان سے ملاقات کی اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔”
ویڈیو میں عمران پرتاپ گڑھی نے مزید کہا، "چھترپتی شیواجی مہاراج اور بابا صاحب امبیڈکر کی اس زمین پر نفرت کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ بی جے پی حکومت کی بوکھلاہٹ واضح ہے، اور نظامِ قانون مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ بزرگ اشرف علی کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔”
کانگریس پارٹی نے بھی اس ویڈیو کو اپنے ‘ایکس’ ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ "مہاراشٹر کی ٹرین میں مار پیٹ کے شکار بزرگ اشرف علی سے کانگریس اقلیتی محکمہ کے چیرمین عمران پرتاپ گڑھی نے ملاقات کی اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔” پارٹی نے مزید کہا، "آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی ممکنہ شکست کے پیش نظر، بی جے پی بوکھلا گئی ہے، لیکن مہاراشٹر کی عوام اب نفرت کی سیاست کو برداشت نہیں کرے گی۔ ہندوستان محبت کا ملک ہے، یہاں نفرت کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔”
یاد رہے کہ جب مسلم بزرگ کی پٹائی کی خبر سامنے آئی، عمران پرتاپ گڑھی لندن میں تھے۔ وہاں سے انہوں نے اشرف علی کی خیریت دریافت کی اور سوشل میڈیا پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ عمران نے اپنے ‘ایکس’ پوسٹ میں پی ایم نریندر مودی اور وزیر ریل اشونی ویشنو کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا، "یہ ہے مودی جی کا نیا ہندوستان، جہاں ٹرین میں سفر کر رہے ایک بزرگ مسلم کو پوری بھیڑ گھیر کر مار رہی ہے، مذہب پر مبنی گالیاں دے رہی ہے، اور یہ سب سرکاری تحفظ میں ہو رہا ہے۔”
انہوں نے مزید لکھا، "کیا ہندوستان کی ٹرینوں میں سفر اب ایسا ہوگیا ہے کہ کوئی بھی بھیڑ کسی کو بھی پیٹ سکتی ہے؟ اشونی ویشنو جی، کیا ایسے واقعات آپ کی اطلاع میں نہیں آتے؟ نریندر مودی جی، کیا یہ وہی امرت کال ہے جس کی آپ تعریف کرتے ہیں؟”