تلنگانہ

بس میں خاتون نے خاتون کنڈکٹر اور نرس کی مدد سے بچہ کو جنم دیا

راکھی تہوار کے دن تلنگانہ کی آرٹی سی بس میں حاملہ خاتون نے خاتون کنڈکٹر اور بس میں سفر کرنے والی نرس کی مدد سے بچہ کو جنم دیا۔

حیدرآباد: راکھی تہوار کے دن تلنگانہ کی آرٹی سی بس میں حاملہ خاتون نے خاتون کنڈکٹر اور بس میں سفر کرنے والی نرس کی مدد سے بچہ کو جنم دیا۔

زچگی کے لئے مد د اورانسانیت کا مظاہرہ کرنے والی خاتون کنڈکٹر اورنرس کی مختلف گوشوں سے جہاں ستائش کی جارہی ہے وہیں ریاستی وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے بھی ان کے نیک جذبہ کی سراہنا کی۔

تفصیلات کے مطابق 19 اگست کی صبح، سندیا نامی ایک حاملہ خاتون گدوال ڈپو سے تعلق رکھنے والی گدوال۔ونپرتی روٹ کی بس میں سوار ہوئی۔وہ اپنے بھائیوں کو راکھی باندھنے کیلئے جارہی تھی۔بس کے ناچاہلی علاقہ کے قریب پہنچنے پر اس خاتون کو اچانک پیٹ میں درد ہونے لگا۔

خاتون کنڈکٹر جی بھارتی، جسے فوری طور پر دوسرے مسافرین نے چوکس کیا،نے بس کو رکوایا۔اس خاتون کنڈکٹر نے بس میں سفر کرنے والی نرس کی مدد سے خاتون کی زچگی کی۔

بعد ازاں ماں اور نوزائیدہ کو 108 ایمبولنس کی مدد سے مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں دونوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔اس واقعہ کی اطلاع پر تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ اورآرٹی سی انتظامیہ نے خاتون کنڈکٹراورنرس کو مبارکباد پیش کی۔

a3w
a3w