مذہب

بیٹھ کر نماز پڑھنے والے کی نظر کس طرف ہو ؟

جب بیٹھ کر نماز ادا کی جائے تو نظر کس طرف رکھی جائے ، کیا سجدہ گاہ پر نگاہ رکھی جائے، جیسا کہ قیام کی حالت کیلئے حکم ہے ؟

سوال:- جب بیٹھ کر نماز ادا کی جائے تو نظر کس طرف رکھی جائے ، کیا سجدہ گاہ پر نگاہ رکھی جائے، جیسا کہ قیام کی حالت کیلئے حکم ہے ؟ (اکبر الدین ، ملے پلی)

جواب:- نماز کی مختلف کیفیتوں میں مختلف مقامات پر نظر رکھنے کا فقہاء نے جو ذکر کیا ہے ، میرے علم کے مطابق حدیث میں ایسا کوئی حکم نہیں آیا ہے ، غالبا اس میں دو باتیں پیش نظر ہیں ،

ایک : یکسوئی ؛ کیوںکہ مختلف جہتوں میں دیکھنے سے ذہن بٹ جاتا ہے اورعبادت میں جو یکسوئی مطلوب ہے ، وہ حاصل نہیں ہوپاتی ،

دوسرے : آسانی ، کہ بے تکلف اس کیفیت میں نظر جس طرف رہتی ہو ، اس پرنظر رکھی جائے ، اور یہ بات بھی یکسوئی میں معاون ہوتی ہے ، بیٹھنے کی کیفیت میں گود پر نظر رکھنے کی تلقین اسی لئے کی گئی ہے اور بیٹھ کر نماز ادا کرنے والا اس کیفیت میں ’’قیام ‘‘ ادا کر رہا ہے ؛ اس لئے اس کی نظر گود پر ہونی چاہئے ، سجدہ گاہ پر نظر رکھنا اس شخص کے لئے بہتر ہے ، جو قیام کو حقیقی قیام کی صورت میں ادا کر رہا ہو ۔ واللہ اعلم