حیدرآباد

جوبلی ہلز میں لڑکیوں کو ہراساں کرنے کا واقعہ، ویڈیو وائرل

جوبلی ہلز کے نیروُز سگنل کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو لڑکیاں اپنی موٹر سائیکل پر جارہی تھیں کہ اچانک تین نوجوانوں نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے اُنہیں مبینہ طور پر مور پنکھ سے چھونے کی کوشش کی۔

حیدرآباد : جوبلی ہلز کے نیروُز سگنل کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو لڑکیاں اپنی موٹر سائیکل پر جارہی تھیں کہ اچانک تین نوجوانوں نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے اُنہیں مبینہ طور پر مور پنکھ سے چھونے کی کوشش کی۔ اس دوران کسی نے یہ منظر اپنے موبائل فون میں قید کرلیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شہریوں کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے اور عوام نے اس حرکت کو صریحاً ہراسانی اور اخلاقی بے راہ روی قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے سوال اُٹھایا ہے کہ کیا یہ حرکت محض شرارت کے زمرے میں آتی ہے یا یہ براہِ راست جنسی ہراسانی ہے؟ زیادہ تر رائے یہی سامنے آئی ہے کہ عوامی مقامات پر خواتین کے ساتھ اس طرح کی حرکات ناقابلِ قبول اور قانوناً جرم ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی جانچ کی جا رہی ہے اور ملزمان کی شناخت کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس مزید شواہد ہوں تو فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں تاکہ اس معاملے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

شہریوں اور سماجی کارکنوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کے تدارک کے لئے نہ صرف سخت قانونی کارروائی کی جائے بلکہ عوامی شعور بیداری مہم بھی چلائی جائے تاکہ خواتین کی عزت و احترام کو یقینی بنایا جا سکے۔