ایرانی نیوکلیر سائٹ فردو کو پھر نشانہ بنایا گیا
ایران کی زیرزمین یورانیم افزودگی سائٹ فردو پر پیر کے دن پھر حملہ ہوا جبکہ ایران نے اسرائیل پر کئی مزائل اور ڈرون فائر کئے۔ اس نے امریکہ کو خبردار کیا کہ اس کی فوج کو اب امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کی کھلی آزادی ہے۔

دُبئی (اے پی) ایران کی زیرزمین یورانیم افزودگی سائٹ فردو پر پیر کے دن پھر حملہ ہوا جبکہ ایران نے اسرائیل پر کئی مزائل اور ڈرون فائر کئے۔ اس نے امریکہ کو خبردار کیا کہ اس کی فوج کو اب امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کی کھلی آزادی ہے۔
فردو سائٹ پر اتوار کے دن بھی حملہ ہوا تھا۔ ایرانی سرکاری ٹی وی نے یہ اطلاع دی۔ فوری طورپر یہ معلوم نہ ہوسکا کہ کتنا نقصان پہنچا یا آج کا حملہ کس نے کیا حالانکہ اسرائیل پہلے کہہ چکا ہے کہ وہ ایران پر فضائی حملے کررہا ہے۔
ویانا میں اقوام متحدہ کے نیوکلیر نگراں ادارہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں فردو سائٹ کو بھاری نقصان پہنچا ہوگا کیونکہ امریکہ نے عصری بنکر بسٹر بم استعمال کئے۔انٹرنیشنل اٹا مک انرجی ایجنسی(آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے کہا کہ جو دھماکو پے لوڈ گرایا گیا اس سے بھاری نقصان ہوا ہوگا۔
اتوار کے دن ایرانی نیوکلیر سائٹس پر حملہ کرتے ہوئے امریکہ جنگ میں کود پڑا۔ اندیشہ ہے کہ خطہ میں بڑی جنگ ہوگی۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کا دفاعی نظام ایران کے تازہ حملے روک رہا ہے جن میں اس کے شمالی اور وسطی حصوں کو نشانہ بنایا گیا۔ لوگوں سے کہاگیا ہے کہ وہ پناہ گاہوں میں چلے جائیں۔ ایران نے اس حملہ کو اپنے آپریشن وعدہ صادق 3 کی نئی لہر قراردیا ہے۔
ایرانی ٹی وی کے بموجب ایران‘ اسرائیلی شہروں حیفہ اور تل ابیب کو نشانہ بنارہا ہے۔ یروشلم میں بھی دھماکے سنے گئے۔ یہ معلوم نہ ہوسکا کہ کتنا نقصان ہوا۔ ایران میں عینی شاہدین کے بموجب آج دوپہر تہران کے اطراف کے علاقوں میں اسرائیل نے فضائی حملے کئے۔ یہ واضح نہیں کہ کن مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
پیر کے دن ایرانی جنرل عبدالرحیم موسوی نے جو مسلح افواج کے سربراہ ہیں‘ واشنگٹن کو خبردار کیا کہ کل کے اس کے حملوں نے ایرانی فورسس کو امریکی مفادات اور اس کی فوج کے خلاف کارروائی کرنے کی مکمل آزادی دے دی ہے۔ مشرق ِ وسطیٰ میں ہزاروں امریکی فوجی موجود ہیں اور ان کے ٹھکانے ایران کی شارٹ رینج مزائلوں کی زد میں ہیں۔