تلنگانہ

یوم آزادی: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کا گولکنڈہ میں پرچم کشائی، ‘تلنگانہ رائزنگ-2047’ ویژن پیش

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے جمعہ کے روز تاریخی گولکنڈہ قلعہ میں قومی پرچم لہرایا، جہاں جوش و جذبہ کے ساتھ 79واں یوم آزادی کی اصل تقریب ہوئی۔ تقریب کا آغاز روایتی پریڈ، آزادی کی جدوجہد پر مبنی ثقافتی جھانکیوں اور تلنگانہ کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے والے فنکارانہ مظاہروں سے ہوا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے جمعہ کے روز تاریخی گولکنڈہ قلعہ میں قومی پرچم لہرایا، جہاں جوش و جذبہ کے ساتھ 79واں یوم آزادی کی اصل تقریب ہوئی۔ تقریب کا آغاز روایتی پریڈ، آزادی کی جدوجہد پر مبنی ثقافتی جھانکیوں اور تلنگانہ کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے والے فنکارانہ مظاہروں سے ہوا۔

متعلقہ خبریں
گولکنڈہ قلعہ میں 3 تا 5جنوری ”اپنی فوج کو جانیے میلہ“
آزادی، وطن کے متوالوں کے لئے ایک عظیم کارنامہ، مانو میں یومِ آزادی تقریب، پروفیسر عین الحسن کا خطاب
ریونت ریڈی کرپشن کے شہنشاہ، تلنگانہ کے مفادات کو نظرانداز کر رہے ہیں: کویتا
کوہ مولا علی: کویتا کا عقیدت بھرا دورہ، خادمین کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کی سست روی پر اظہار برہمی
فراست علی باقری نے ڈاکٹر راجندر پرساد کی 141ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا


صبح وزیر اعلیٰ نے سکندرآباد میں آرمی وار میموریل پر پھول چڑھائے اور اپنی رہائش گاہ پر بھی پرچم کشائی کی۔ گولکنڈہ میں اصل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور بے شمار شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور تلنگانہ ریاست کے قیام کی تحریک میں جان قربان کرنے والوں کی قربانیوں کو یاد کیا۔


ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت عوام دوست طرز حکمرانی، شفافیت، انصاف اور مساوی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے 20 ہزار 616 کروڑ روپے کے زرعی قرض معافی اسکیم، ذات پر مبنی مردم شماری کی تکمیل، ایس سی ذیلی زمرہ بندی، 3.5 لاکھ مکانات پر مشتمل اندراما ہاؤسنگ اسکیم، چار لاکھ نئے راشن کارڈس کی تقسیم، آروگیہ شری صحت اسکیم کا فی خاندان پانچ لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ روپے تک کا احاطہ اور خواتین کے لیے مہالکشمی مفت بس سفر اسکیم کا ذکر کیا جس سے اب تک 6700 کروڑ روپے کا فائدہ ہوا ہے۔


کاشتکاروں کے لیے 500 روپے فی کوئنٹل بونس، بہتر خریداری نظام، جدید آبپاشی اور فوڈ پروسیسنگ یونٹس کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک میں سب سے زیادہ دھان پیدا کرنے والی ریاست بن چکی ہے جہاں سالانہ پیداوار 1.533 کروڑ میٹرک ٹن سے زیادہ ہے۔


’تلنگانہ رائزنگ 2047‘ ویژن کے تحت انہوں نے موسی ندی کی بحالی، گاندھی سروور میگا ریزروائر، فیوچر سٹی میں 50 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے اے آئی سٹی کے قیام، ینگ انڈیا اسکل اور اسپورٹس یونیورسٹیوں کے قیام، دو ڈرائی پورٹس کی ترقی، حیدرآباد میٹرو ریل فیس-2 کی توسیع، نئے گرین فیلڈ ہائی ویز اور ریجنل رنگ روڈس کی تعمیر کا خاکہ پیش کیا۔


انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست 2035 تک ایک ٹریلین امریکی ڈالر اور 2047 تک تین ٹریلین امریکی ڈالر کی معیشت کا ہدف حاصل کرے گی اور آئندہ دس برسوں میں 25 لاکھ نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گی۔


وزیر اعلیٰ نے جھیلوں، پارکوں اور کھلی جگہوں کو قبضہ مافیا سے محفوظ رکھنے کے لیے حیدراایجنسی کے قیام، آبی ذخائر کی بحالی اور شہری سرسبزی وشادابی کے فروغ کا اعلان کیا۔ ’سیو موسی‘ مشن کے ذریعہ موسی ندی کو سیاحت، تفریح اور سیلابی انتظامات کا مرکز بنانے کا منصوبہ بھی پیش کیا۔


قانون و امن کے شعبہ میں انہوں نے تلنگانہ پولیس کو بڑے ریاستوں میں انڈیا جسٹس رپورٹ 2025 میں اول مقام حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور جدید پولیسنگ نظام، سائبر کرائم یونٹس میں توسیع، خواتین کے تحفظ کے لیے شی ٹیموں کی توسیع اور 24 گھنٹے نگرانی کے نیٹ ورک کو مزید مستحکم بنانے کا اعلان کیا۔


انہوں نے اتحاد اور ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی طاقت اس کا تنوع ہے اور ترقی ہر ذات، برادری اور خطہ تک بلا امتیاز پہنچنی چاہیے۔


ریاستی قرض 8.21 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہونے کے باوجود انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت فلاح و ترقی کا توازن برقرار رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کو راغب کرے گی اور ایسی معیشت تشکیل دے گی جو عالمی سطح پر مسابقت کر سکے۔ انہوں نے کہا "ہم تلنگانہ کو ہندوستان کا فخر اور دنیا کے لیے ایک ماڈل بنائیں گے”۔


بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے شاندار کارکردگی دکھانے والے پولیس عہدیداروں کو انعامات دیے اور مشہور گلوکار راہل سپلی گنج کو، جنہیں فلم ’آر آر آر‘ کے آسکر ایوارڈ یافتہ گانے ’ناٹو ناٹو‘ سے عالمی شہرت ملی، ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔