شمالی بھارت

انڈیا بلاک کا اتحاد ہریانہ میں نئی تاریخ رقم کرسکتا ہے: اکھلیش

سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے جمعہ کے روز کہا کہ انڈیا بلاک کا اتحاد ہریانہ کے انتخابات میں نئی تاریخ رقم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے جمعہ کے روز کہا کہ انڈیا بلاک کا اتحاد ہریانہ کے انتخابات میں نئی تاریخ رقم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

متعلقہ خبریں
محبت سے محروم لوگ، سرخ رنگ سے چڑتے ہیں، یوگی آدتیہ ناتھ پر اکھلیش یادو کا طنز
جھارکھنڈ میں انڈیا بلاک کی حکومت بنے گی: لالوپرساد یادو
مرکزی حکومت چند دن کی مہمان، بہت جلد گرجائے گی: اکھلیش یادو
اکھلیش یادو کی کولکتہ میں کل ترنمول ریالی میں شرکت
منی پور کا مسئلہ پارلیمنٹ میں پوری طاقت سے اٹھایا جائے گا: راہول گاندھی

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس مرتبہ بی جے پی کی شرپسندانہ اور خودغرضانہ سیاست کو شکست دینے اپنے آپ سے اوپر اٹھنے کی ضرورت ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ان کی پارٹی انڈیا اتحاد کے ہر اُس رکن کی تائید کرے گی جو ہریانہ میں بی جے پی کی منفی، فرقہ وارانہ اور پھوٹ ڈالنے والی سیاست کو شکست دے سکتا ہے۔

انہوں نے کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لئے نشستوں کی تقسیم پر بات چیت کے دوران یہ بیان دیا ہے۔ دونوں جماعتیں سخت سودے بازی میں مصروف ہیں۔

یادو نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اِس وقت انڈیا بلاک کی کسی بھی جماعت کو سیاسی مواقع تلاش کرنے کے بجائے بے لوث ہونے اور قربانی دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کی راہ میں خودغرضی کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے اپنے پوسٹ میں کہا کہ شرپسند اور خودغرض افراد تاریخ میں کبھی اپنا نام درج نہیں کرواسکتے۔ یہ لمحہ ایک تاریخی موقع ہے، تاکہ ہم اپنے آپ سے اوپر اٹھ کر ایسی سیاست کو شکست دیں۔

ہم ہریانہ کے مفاد کے لئے کوئی بھی قربانی دینے کھلے دل کے ساتھ تیار ہیں۔ ہریانہ اسمبلی انتخابات میں انڈیا بلاک کی کامیابی کا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی سربراہ نے ایکس پر لکھا کہ ہم پہلے بھی کئی مرتبہ یہ بات کہہ چکے ہیں اور ایک بار پھر کہیں گے اور مستقبل میں بھی کہتے رہیں گے۔

یہ نشستوں کے بارے میں نہیں، بلکہ جیت کے بارے میں ہے۔ یہ چند نشستوں پر امیدواروں کو کھڑا کرنے کے بارے میں نہیں، بلکہ عوام کے دکھ درد کو سمجھنے اور بی جے پی کی بدعنوان اور استحصال کی سیاست سے انہیں آزاد کرنے کے بارے میں ہے۔ یہ ہریانہ کی حقیقی ترقی اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کے بارے میں ہے۔

گزشتہ 10 سال کے دوران بی جے پی نے ہریانہ کی ترقی کو دو دہوں پیچھے ڈھکیل دیا ہے۔ واضح رہے کہ ہریانہ میں 90 اسمبلی نشستوں کے لئے 5اکتوبر کو رائے دہی ہوگی اور 8اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی واحد بڑی جماعت بن کر ابھری تھی۔

اُس نے جن نائک جنتا پارٹی (جے جے پی) کے ساتھ مابعد الیکشن اتحاد کرتے ہوئے مخلوط حکومت تشکیل دی تھی۔ بہرحال جاریہ سال لوک سبھا انتخابات سے عین قبل بی جے پی۔ جے جے پی اتحاد ٹوٹ گیا۔ 2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اور کانگریس نے ہریانہ کی 10لوک سبھا نشستوں کے منجملہ5-5 پر کامیابی حاصل کی۔