ہندستانی بحریہ کا ممتاز بادبانی جہاز’آئی این ایس وی کونڈِنیا’ اپنی پہلی سمندری مہم پر روانہ ہوگا.
یہ جہازگجرات کے پوربندر سے عمان کے مسقط کے لیے روانہ کیا جائے گا
نئی دہلی : ہندستانی بحریہ کا ممتاز بادبانی جہاز ‘آئی این ایس وی کونڈِنیا’، جو ہندستان کی قدیم جہاز سازی اور سمندری سفر کی روایات کو زندہ کرنے کا کام کررہا ہے، 29 دسمبر 2025 کو اپنی پہلی بین الاقوامی سمندری مہم پر روانہ ہوگا۔ یہ جہازگجرات کے پوربندر سے عمان کے مسقط کے لیے روانہ کیا جائے گا اور علامتی طور پر اُن تاریخی بحری راستوں کو دوبارہ طے کرے گا، جو ہزاروں برس تک ہندستان کو بحرِ ہند کی وسیع دنیا سے جوڑے رکھتے تھے۔ قدیم ہندستانی جہازوں کی تصویری جھلکیوں سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا آئی این ایس وی کونڈِنیا مکمل طور پر روایتی طور پر تختوں کو باہم جوڑنے کی تکنیک کو بروئے کار لاکر تیار کیا گیا ہے۔ یہ جہاز تاریخ، دستکاری اور جدید بحری مہارت کا ایک نادر اور منفرد امتزاج ہے۔ جدید جہازوں کے برعکس، اس کے لکڑی کے تختے ناریل کے ریشے (کوائر) کی رسی سے باندھے گئے ہیں اور قدرتی رال سے بند کیے گئے ہیں۔ یہ جہاز سازی کی وہ روایت ہے جو کبھی ہندستان کے ساحلوں اور بحرِ ہند کے تمام خطوں میں رائج تھی۔
اسی تکنیک کی بدولت ہندستانی ملاح جدید جہاز رانی اور دھات کاری کی ایجاد سے بہت پہلے مغربی ایشیا، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا تک طویل سمندری سفر کرنے کے قابل ہوئے، جو ہندستان کی عظیم بحری وراثت اور عالمی روابط کی روشن مثال ہے۔
یہ منصوبہ وزارتِ ثقافت، ہندستانی بحریہ اور ایم/ایس ہوڈی اِنویشنز کے درمیان ایک سہ فریقی مفاہمت نامے(ایم او یو)کے تحت انجام دیا گیا، جو ہندستان کے مقامی علمی و فنی ورثے کو ازسرِنو دریافت کرنے اور اسے زندہ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ جہاز روایتی کاریگروں نے ماسٹر شپ رائٹ مسٹر بابو شنکرن کی رہنمائی میں تیار کیا، جب کہ ہندستانی بحریہ اور تعلیمی اداروں نے اس کی تحقیق، ڈیزائن اور جانچ میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ یہ جہاز مکمل طور پر سمندر کے لیے موزوں ہے اور کھلے سمندر میں سفر کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
اس جہاز کا نام مشہور جہاز راں کونڈِنیا کے نام پر رکھا گیا ہے، جن کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ انہوں نے قدیم زمانے میں ہندستان سے جنوب مشرقی ایشیا تک سمندری سفر کیا تھا۔ یہ جہاز ایک بحری قوم کے طور پر ہندستان کے تاریخی کردار اور عظیم سمندری ورثے کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔