کویت ایرپورٹ پر ہندوستانی مسافرین 20 گھنٹے پھنسے رہے
گلف ایر کی پرواز GF5 نے یکم دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق 2:05 بجے بحرین سے اڑان بھری تھی لیکن فنی خرابی کے باعث اسے 4:01 بجے کویت میں لینڈنگ کرنی پڑی تھی۔ کئی مسافرین نے شکایت کی کہ وہ کئی گھنٹے ایرپورٹ پر پھنسے رہے۔
کویت سٹی: گلف ایر کی مانچسٹر جانے والی پرواز کے کئی ہندوستانی مسافرین جو تقریباً 20 گھنٹے کویت ایرپورٹ پر پھنسے رہے‘ پیر کی صبح اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئے۔ گلف ایر کی منامہ تا مانچسٹر پرواز کا رخ فنی خرابی کے باعث کویت کی طرف موڑدیا گیا تھا۔
گلف ایر کی پرواز GF5 نے یکم دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق 2:05 بجے بحرین سے اڑان بھری تھی لیکن فنی خرابی کے باعث اسے 4:01 بجے کویت میں لینڈنگ کرنی پڑی تھی۔ کئی مسافرین نے شکایت کی کہ وہ کئی گھنٹے ایرپورٹ پر پھنسے رہے۔
کویت میں ہندوستانی سفارت خانہ نے گلف ایر کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں سفارت خانہ نے کہا کہ اس کی ٹیم نے ایرپورٹ جاکر مسافرین کی مدد کی۔ اس نے ایرلائن کا ہاتھ بٹایا۔ مسافرین کو 2 ایرپورٹ لانجس میں ٹھہرایا گیا۔ غذا اور پانی کا انتظام کیا گیا۔
گلف ایر کی پرواز نے آخرکار آج 4:34 بجے مانچسٹر کے لئے اُڑان بھری۔ طیارہ کی روانگی تک سفارت خانہ کی ٹیم ایرپورٹ میں موجود تھی۔ ایک مسافر نے اتوار کے دن ایکس پر الزام عائد کیا تھا کہ ہندوستانی مسافرین کو بے یارومددگار چھوڑدیا گیا۔
مسافر آرزو سنگھ نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ہم نے کم ازکم لانج کا مطالبہ کیا تھا لیکن ایرپورٹ حکام نے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی اور پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرس اس کے مجاز نہیں۔ ہم سے عملاً یہ کہہ دیا گیا کہ اگر آپ ٹرانزٹ ویزا کے اہل ہوتے تو آپ کو ایرپورٹ کے باہر کی ہوٹل میں ٹھہرایا جاسکتا تھا۔ 2 گھنٹے کی دوڑدھوپ کے بعد لانج کی سہولت ملی۔