شمالی بھارت

سی اے اے نافذ ہونے نہیں دیں گے: ممتابنرجی

مرکزی وزیر پرمانک نے بگ ڈوگرا ایرپورٹ پہنچنے کے بعد کہا کہ اس قانون کو پورے ملک میں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے مظلوم اور محروم ہندوؤں اور دیگر کیلئے ہیں۔

کولکتہ/جلپائی گڑی: چیف منسٹر ممتابنرجی نے شہریت ترمیمی قانون کے امکانی نفاذ پر آج مرکز کو نشانہ تنقید بنایا اور دعویٰ کیا کہ بی جے پی گجرات اسمبلی انتخابات سے پہلے یہ مسئلہ اٹھارہی ہے۔

چند گھنٹوں بعد مرکزی مملکتی وزیر نسیت پرمانک نے زور دے کر کہا کہ ملک بھر میں آہستہ آہستہ سی اے اے نافذ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مرکز نے پیر کے روز تین ممالک کی اقلیتوں کو 1955 کے شہریت قانون کے تحت ہندوستان کی شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ممتا نے چینائی کو روانہ ہونے سے پہلے کہا کہ یہ سیاست بند کرو۔ وہ لوگ محض گجرات میں انتخابات کے پیش نظر یہ سب کچھ کررہے ہیں۔ ہم انہیں اس پر عمل آوری کرنے نہیں دیں گے۔

 ہمارے لئے سب ہی ہندوستان کے شہری ہیں۔ ہم اس کے خلاف ہیں۔ مرکزی وزیر پرمانک نے بگ ڈوگرا ایرپورٹ پہنچنے کے بعد کہا کہ اس قانون کو پورے ملک میں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے مظلوم اور محروم ہندوؤں اور دیگر کیلئے ہیں۔ اسے نہ صرف گجرات میں بلکہ سارے ملک میں رفتہ رفتہ نافذ کیا جائے گا۔