قومی
بہار میں انتخابی عمل میں شامل ملازمین کے تبادلوں کی ہدایت
ایک ایسے وقت جب بہار اسمبلی انتخابات قریب ہیں‘ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تیاریوں میں شدت پیدا کردی ہے اور منصفانہ و غیرجانبدارانہ انتخابی عمل کو یقینی بنانے ریاستی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کردی ہیں۔
پٹنہ (آئی اے این ایس)ایک ایسے وقت جب بہار اسمبلی انتخابات قریب ہیں‘ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تیاریوں میں شدت پیدا کردی ہے اور منصفانہ و غیرجانبدارانہ انتخابی عمل کو یقینی بنانے ریاستی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کردی ہیں۔
کمیشن نے انتخابی عمل میں شامل عہدیداروں اور ملازمین کا لازمی تبادلہ کرنے اور اس عمل کو 6 اکتوبر سے پہلے مکمل کرلینے کا حکم دیا ہے۔
اس ہدایت کا اطلاق تمام سرکاری محکموں پر ہوگا جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ 6 اکتوبر کے فوری بعد انتخابات کا باضابطہ طورپر اعلان کیا جاسکتا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) ونود سنگھ گنجیال نے چیف سکریٹری‘ ڈی جی پی اور مختلف محکموں کے تمام ایڈیشنل چیف سکریٹریز کو رسمی مکتوب روانہ کئے ہیں اور ہدایت دی ہے کہ تبادلوں اور تعیناتی کی رپورٹس 6 اکتوبر تک داخل کردی جائیں۔