سگی بہن کی شادی میں گفٹ دینے کا ارادہ، بیوی نے بھائیوں کے ساتھ ملکر شوہر کا قتل کردیا
مشتعل ہوکر بیوی نے “چندر پرکاش کو سبق سکھانے” کے لیے اپنے بھائیوں کو بلالیا، جنہوں نے بہنوئی کو تقریباً ایک گھنٹے تک ڈنڈوں سے پیٹا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
حیدرآباد: اترپردیش میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ایک 35 سالہ شخص کو اُس کی بیوی کے گھر والوں نے تشدد کرکے قتل کردیا کیونکہ وہ اپنی بہن کو اُس کی شادی پر سونے کی انگوٹھی اور ایک ٹی وی تحفہ میں دینا چاہتا تھا۔ اس بات پر اُس کی بیوی اُس سے ناراض تھی۔
پولیس نے بتایا کہ چندر پرکاش مشرا کو اس کی بیوی اور سسرال والوں نے جان سے مار دیا۔ یہ واقعہ اتر پردیش کے بارہ بنکی کے قریب ایک گاؤں میں پیش آیا۔
نند کی شادی 26 اپریل کو ہونے والی تھی اور اس کا بھائی اپنی بہن کو سونے کی انگوٹھی اور ایک ٹی وی تحفے میں دینا چاہتا تھا۔ تاہم چندر پرکاش کی بیوی اس بات سے ناراض تھی جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان تکرار ہوئی۔
مشتعل ہوکر بیوی نے “چندر پرکاش کو سبق سکھانے” کے لئے اپنے بھائیوں کو بلالیا، جنہوں نے بہنوئی کو تقریباً ایک گھنٹے تک ڈنڈوں سے پیٹا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
اسے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون اور اس کے بھائیوں سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔