تلنگانہ

ویڈیوز: حیدرآباد اور اضلاع میں وقفہ وقفہ سے بارش، مزید بارش کی پیش قیاسی (تصاویر)

محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز تلنگانہ کے بیشتر مقامات پرہلکی تا اوسط بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کی پیش قیاسی کی اور ریاست کے10 اضلاع میں کہیں کہیں شدید سے انتہائی شدید بارش کا انتباہ جاری کیا۔

حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز تلنگانہ کے بیشتر مقامات پرہلکی تا اوسط بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کی پیش قیاسی کی اور ریاست کے10 اضلاع میں کہیں کہیں شدید سے انتہائی شدید بارش کا انتباہ جاری کیا۔

متعلقہ خبریں
آندھرا پردیش کے کئی مقامات پر موسلادھار بارش
حسین ساگر کے دو گیٹوں سے پانی کا اخراج
انڈونیشیا میں سیلاب کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد 41 ہو گئی

شہر حیدرآباد میں جمعہ کی شب سے ہلکی تا اوسط بارش کا سلسلہ ہفتہ کے روز بھی جاری رہا۔ یومیہ موسمی رپورٹ 8:30بجے صبح جاری کرتے ہوئے آج بتایا گیا کہ تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون سرگرم ہے اور اضلاع بھدرا دری کتہ گوڑم، محبوب آباد اور ملگ کے بعض مقامات پر شدید بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش ایٹو ناگارام میں 9سنٹی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ وینکٹا پور میں 8سنٹی میٹر بارش درج کی گئی۔

یہ دونوں مقامات ضلع ملگ میں شامل ہیں۔ دریں اثنا بھدرا چلم میں گوداوری کی سطح آب میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے کیونکہ سیلابی پانی، گوداوری میں شامل ہورہا ہے آج ایک بجے دن جاری کردہ تازہ ترین موسمی بلیٹن میں خبردار کیا گیا ہے کہ اضلاع کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، جگتیال، جئے شنکر بھوپال پلی، ملگ، بھدرا دری کتہ گوڑم، کھمم، محبوب آباد، ورنگل اور ہنمکنڈہ میں کہیں کہیں ہفتہ سے اتوار کی صبح 8:30بجے تک انتہائی شدید بارش ہوگی۔

عادل آباد، نرمل، نظام آباد، راجنا سرسلہ، کریم نگر، اور پداپلی اضلاع کے بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ یومیہ موسمیاتی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی اور بارش کے ساتھ30 سے 40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چلیں گی۔

دریں اثنا شدید بارش سے ضلع بھدرا دری کتہ گوڑم کے اشوا ر او پیٹ منڈل میں ایک آبپاشی پروجیکٹ کے پشتہ میں شگاف پڑنے کے بعد ریاستی وزیر آبپاشی این اتم کمار ریڈی نے محکمہ کے چیف انجینئرس کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ آبپاشی کے سکریٹری سے قبل از وقت اجازت کے بغیر ہیڈ کوآرٹر نہ چھوڑیں۔

وزیر اتم کمار ریڈی نے ان چیف انجینئرس کو ہدایت دی کہ وہ گھنٹہ کے وقفہ، وقفہ سے تمام بڑے اور چھوٹے آبپاشی پروجیکٹوں میں پانی کے بہاؤ پر قریبی نظر رکھیں اور رہنمایانہ خطوط کے مطابق پروجیکٹس کے گیٹس کی کارکردگی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے عہدیداروں کو ایس او پی کے تحت پروجیکٹوں سے فاضل پانی خارج کریں۔ پانی کے اخراج سے قبل نشیبی علاقوں میں مقیم افراد کو وارننگ جاری کریں۔ انہوں نے اس دوران جانی واملاک کے نقصان کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

a3w
a3w