پربھاکرن کے زندہ ہونے کے دعویٰ کی تحقیقات شروع
ٹامل قوم پرست قائد پی نیڈومارن کے اس چونکادینے والے انکشاف نے دنیا بھر کی انٹلیجنس ایجنسیوں میں کھلبلی مچادی ہے کہ لبریشن ٹائیگرس آف ٹامل ایلم (ایل ٹی ٹی ای) کا سربراہ ویلوپلے پربھاکرن زندہ ہے اور محفوظ ہے۔
چینائی: ٹامل قوم پرست قائد پی نیڈومارن کے اس چونکادینے والے انکشاف نے دنیا بھر کی انٹلیجنس ایجنسیوں میں کھلبلی مچادی ہے کہ لبریشن ٹائیگرس آف ٹامل ایلم (ایل ٹی ٹی ای) کا سربراہ ویلوپلے پربھاکرن زندہ ہے اور محفوظ ہے۔
ہندوستانی ایجنسیوں اور ٹاملناڈو کیو برانچ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں حالانکہ سری لنکا کی فوج اس دعویٰ کو خارج کرچکی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس کے پاس پربھاکرن کی نعش کا ڈی این اے سیمپل موجود ہے۔ ذرائع کے بموجب ہندوستانی ایجنسیوں نے تاہم نیڈومارن کے بیان کو خارج نہیں کیا ہے۔
ورلڈ ٹامل فیڈریشن کے صدر نیڈومارن‘ پربھاکرن اور ٹامل تحریک سے عرصہ تک جڑے رہے ہیں۔انہیں اچھی جانکاری ہے کہ ایل ٹی ٹی ای اور دیگر ٹامل تنظیمیں کیسے کام کرتی ہیں۔ نیڈومارن نے تنجاور میں پیر کے دن پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پربھاکرن‘ اس کی بیوی اور بیٹی محفوظ ہیں اور مناسب وقت پر منظرعام پر آئیں گے۔
ٹاملناڈو کا محکمہ انٹلیجنس تحقیقات کے لئے پولیس عہدیداروں کی خصوصی ٹیم تشکیل دے چکا ہے۔ مرکزی ایجنسیوں نے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
نیڈومارن سے عنقریب پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ ٹاملناڈو پولیس ہیڈکوارٹرس کے ایک سینئر عہدیدار نے آئی اے این ایس سے بات چیت میں کہا کہ خصوصی ٹیم نیڈومارن کے حالیہ فون کالس کا جائزہ لے گی۔ نیڈومارن کا رابطہ کن سے رہا‘ ان کے فون کالس کو بھی دیکھا جائے گا۔ ان کے تمام ساتھیوں پر نظر رکھی جائے گی۔