شمالی بھارت

ہجوم کے حملہ میں تاج الدین کی ہلاکت کی تحقیقات

جھارکھنڈ کے ریاستی اقلیتی کمیشن کے سربراہ ہدایت اللہ خان نے گزشتہ برس دسمبر میں ضلع سرائے کلاں خرسواں میں ہجوم کے مبینہ حملہ میں ایک شخص کی ہلاکت کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔

جمشید پور: جھارکھنڈ کے ریاستی اقلیتی کمیشن کے سربراہ ہدایت اللہ خان نے گزشتہ برس دسمبر میں ضلع سرائے کلاں خرسواں میں ہجوم کے مبینہ حملہ میں ایک شخص کی ہلاکت کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔

آل انڈیا مینارٹی ویلفیر فرنٹ کے ترجمان سرفراز حسین نے کمیشن کو لکھا تھا کہ آدتیہ پور میں بھیڑ کے حملہ میں تاج الدین کی ہلاکت کی عدالتی انکوائری کرائی جائے۔ کمیشن کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ ہم نے ہفتہ کے دن ہدایت اللہ خان کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بنادی اور معاملہ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا۔

ٹیم پیر کے دن کاپلی جائے گی اور تاج الدین کے ورثاء سے مل کر واقعہ کی تفصیلات اکٹھا کرے گی۔ کمیشن کی ٹیم کاپلی ٹاؤن کونسل آڈیٹوریم میں ضلع کے سینئر عہدیداروں سے بھی ملاقات کرے گی۔ وہ ان سے اِس سلسلہ میں کارروائی رپورٹ مانگے گی۔

گزشتہ برس 8 دسمبر کو نامعلوم افراد کے گروپ نے تاج الدین کو مارا پیٹا تھا۔ دواخانہ میں اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔ ہدایت اللہ خان نے کہا کہ کمیشن نے گزشتہ برس26 دسمبر کو ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس سے کارروائی رپورٹ مانگی تھی جو ابھی تک نہیں ملی۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس مکیش کمار لنائت نے کہا کہ سب ڈویژنل آفیسر کو تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی تھی اور رپورٹ ابھی تک نہیں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چار ملزمین نے مقامی عدالت میں خود کو قانون کے حوالہ کردیا۔