ہندستان میں آئی فون کی فروخت نے ریکارڈ قائم کیا
ایپل کو سہ ماہی میں 42.1 ارب ڈالر کا خالص منافع حاصل ہوا، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 15.87 فیصد زیادہ ہے۔
نئی دہلی : مہنگی ٹیک مصنوعات تیار کرنے والی امریکی کمپنی ایپل کی آمدنی 27 دسمبر 2025 کو ختم ہونے والی پہلی سہ ماہی میں سالانہ 15 فیصد اضافے کے ساتھ نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جس میں ہندستانی مارکیٹ میں آئی فون سے ریکارڈ سہ ماہی آمدنی بھی شامل ہے۔
سہ ماہی کے دوران کمپنی کی مجموعی آمدنی 15.65 فیصد بڑھ کر ریکارڈ 143.76 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس میں آئی فون کی آمدنی 85.27 ارب ڈالر، میک کی 8.39 ارب ڈالر اور آئی پیڈ سے 8.6 ارب ڈالر درج کی گئی۔ بقیہ حصہ ویئریبلز کا رہا۔ ان مصنوعات کی سروسنگ سے کمپنی کو 30.01 ارب ڈالر کی کمائی ہوئی۔ ایپل کو سہ ماہی میں 42.1 ارب ڈالر کا خالص منافع حاصل ہوا، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 15.87 فیصد زیادہ ہے۔
ایپل کے چیف فنانشل آفیسر کیون پاریکھ نے بتایا کہ ہندستان میں پہلے سے موجود صارفین سے بھی آمدنی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی فون 17 کی وجہ سے سال بہ سال آئی فون کی آمدنی میں 23 فیصد اضافہ ہوا۔ آئی فون نے عالمی سطح پر بھی اچھی کارکردگی دکھائی، جس میں امریکہ، چین، لاطینی امریکہ، مغربی یورپ، مشرقِ وسطیٰ، آسٹریلیا اور جنوبی ایشیا شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہندستان میں دسمبر کی سہ ماہی کا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔
ہندستانی مارکیٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹِم کُک نے کہا، ’’ہم نے دسمبر کی سہ ماہی میں آمدنی کا ریکارڈ بنایا۔ ہم نے آئی فون، میک اور آئی پیڈ پر سہ ماہی آمدنی کے ریکارڈ قائم کیے اور فروخت کے بعد خدمات میں اب تک کی سب سے زیادہ آمدنی کا ریکارڈ بھی بنایا۔ یہ ہندستان میں ایک شاندار سہ ماہی تھی۔ یہ دنیا کی دوسری سب سے بڑی اسمارٹ فون مارکیٹ اور چوتھی سب سے بڑی پی سی مارکیٹ ہے۔ ماضی میں اچھی ترقی کے باوجود وہاں ہماری حصے داری اب بھی بہت کم ہے، اس لیے ہمیں وہاں بہت بڑے مواقع نظر آتے ہیں۔ ہندستان میں زیادہ تر صارفین آئی فون، میک، آئی پیڈ اور گھڑیاں خرید رہے ہیں۔”
اس سے قبل مسٹر کُک نے کمپنی کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ، یورپ، جاپان اور ایشیا-بحرالکاہل کے دیگر ممالک میں سہ ماہی آمدنی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے اور بیشتر بازاروں میں ترقی درج کی گئی ہے۔ ابھرتی ہوئی منڈیوں میں کمپنی کی گرفت مسلسل مضبوط ہو رہی ہے، جن میں ہندستان بھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کمپنی جلد ہی ممبئی میں ایک اور اسٹور کھولے گی، جو ملک میں اس کا چھٹا اسٹور ہوگا۔