اسرائیلی فوج کا لبنان کے سرحدی علاقے میں کیمیائی مواد کا چھڑکاؤ
لبنانی حکومت نے معاملہ بین الاقوامی اداروں کے سامنے لے جانے کا فیصلہ کیا ہے، لبنانی وزیر نے کہا کہ اگر مواد زہریلا ثابت ہوا تو یہ حیران کن نہیں ہوگا
بیروت : اسرائیلی فوج نے جنوب لبنان کے سرحدی علاقے میں کیمیائی مواد کا چھڑکاؤ کیا ہے۔لبنان کے وزیر ماحولیات نے اسرائیلی طیاروں کے مشتبہ کیمیائی مواد اسپرے کرنے کی تصدیق کردی۔ انہوں نے کہا کہ کیمیائی مواد کی نوعیت جاننے کے لئے نمونے حاصل کیے جارہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد لبنانی حکومت نے معاملہ بین الاقوامی اداروں کے سامنے لے جانے کا فیصلہ کیا ہے، لبنانی وزیر نے کہا کہ اگر مواد زہریلا ثابت ہوا تو یہ حیران کن نہیں ہوگا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق(او ایچ سی ایچ آر) نے کہا ہے کہ یہ اقدام وہاں رہنے والے شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
ادارے کے شعبہ اطلاعات کی ڈائریکٹر ایلیساندرا ویلوچی کا کہنا ہے کہ جڑی بوٹیاں ختم کرنے کی دوا کے استعمال سے مقامی زرعی زمینوں پر اس کے اثرات اور اس بات پر سنگین سوالات جنم لیتے ہیں کہ طویل مدتی طور پر یہ عمل شہریوں کی واپسی اور ان کے روزگار کو کس طرح متاثر کرے گا۔
انہوں نے بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت تمام فریقین کی ذمہ داریوں کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد کے متوازی بلیو لائن کے شمال میں اسرائیلی فوج کی کوئی بھی سرگرمی قرارداد 1701 کی خلاف ورزی ہے