مغربی کنارہ میں اسرائیل کی مہلک ترین کارروائی جاری، کمانڈر ابوشجاع محمد جابر شہید
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے آج مغربی کنارہ میں ایک مقامی کمانڈر سمیت مزید 5 عسکریت پسندوں کو شہید کردیا ہے۔
طولکرم (مغربی کنارہ): اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے آج مغربی کنارہ میں ایک مقامی کمانڈر سمیت مزید 5 عسکریت پسندوں کو شہید کردیا ہے۔
بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ غزہ جنگ کے شروع ہونے کے بعد سے مقبوضہ علاقہ میں یہ سب سے مہلک کارروائی ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ شمالی مغربی کنارہ میں منگل سے جاری بہ یک وقت دھاوؤں میں جملہ 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں جو تمام عسکریت پسند تھے۔
ان کارروائیوں کا مقصد حملوں کو روکنا ہے۔ اسلامی جہاد نے توثیق کی ہے کہ طولکرم کے شہر میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں محمد جابر عرف شجاع شہید ہوگئے ہیں۔ وہ جاریہ سال کے اوائل میں ایک اسرائیلی کارروائی میں مبینہ طورپر ہلاک کئے جانے کے بعد کئی فلسطینیوں کے لئے ہیرو بن گئے تھے۔ ب
عدازاں دیگر عسکریت پسندوں کی تدفین کے موقع پر وہ اچانک نمودار ہوئے تھے جہاں ہجوم نے انہیں خوشی کے مارے کندھوں پر اٹھالیا تھا۔ فوج نے کہا کہ آج صبح وہ دیگر 4 عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں شہید ہوگئے۔ یہ تمام افراد ایک مسجد کے اندر روپوش تھے۔
فوج نے کہا کہ ابوشجاع‘ اسرائیلیوں پر کئی حملوں میں ملوث تھے جن میں جون کے مہینہ میں ہلاکت خیز فائرنگ بھی شامل ہے۔ وہ مزید حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ فوج نے بتایا کہ طولکرم کی کارروائی میں ایک اور انتہاپسند کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
اس کارروائی کے دوران اسرائیل کی نیم فوجی بارڈر پولیس کا ایک رکن معمولی زخمی ہوا۔ اسرائیل نے چہارشنبہ کی رات مغربی کنارہ میں بڑے پیمانہ پر کارروائی شروع کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر اس کے 10 مجاہدین شہید ہوئے ہیں۔ فلسطینی وزارت ِ صحت نے 11 ویں موت کی بھی اطلاع دی ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ مجاہد‘ جنگجو تھے یا عام شہری۔